ٹوکیو (اے پی پی) جاپان کی لبرل ڈیموکریٹک پارٹی ایل ڈی پی کے سابق سیکرٹری جنرل شیگیرْو اِشیبا نے ستمبر میں ہونے والا پارٹی کا صدارتی انتخاب لڑنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔جاپانی ذرائع ابلاغ کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز ایک نیوز کانفرنس میں اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مشن کے مصمم ارادے کے ساتھ خود کو قیادت کی دوڑ کے لیے دل و جان سے وقف کرنے کا تہیہ کیے ہوئے ہیں۔انکا کہنا تھا کہ وہ ایسی سیاست کی تخلیق چاہتے ہیں جو دیانتداری، انصاف، اخلاص اور مفاہمت کی بنیادوں پر کھڑی ہو۔ انکا کہنا تھا کہ لوگوں میں سیاست سے متعلق سنگین شبہات پیدا ہو چکے ہیں۔انکا یہ بھی کہنا تھا کہ جب تک عوام حکومت کو انصاف پسند اور دیانتدار تسلیم نہ کریں سیاستدان اپنے فرائض ٹھیک سے انجام ہی نہیں دے سکتے۔