لاہور (سپیشل رپورٹر) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے اعلان کیا ہے کہ سنی اتحاد کونسل یوم آزادی دھوم دھام سے منائے گی۔ 14 اگست کو ملک گیر ’’یوم تحفظ نظریہ پاکستان‘‘ منایا جائے گا۔ اس موقع پر ملک بھر میں پاکستان زندہ باد کانفرنسیں اور جیوے پاکستان ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔ سنی اتحاد کونسل کے عہدیداران و کارکنان تحریک پاکستان کے راہنماؤں کے مزارات پر حاضری دے کر تحفظ نظریہ پاکستان کا تجدید عہد کریں گے۔ یوم آذادی کے موقع پر لاہور، فیصل آباد، کراچی، گوجرانوالہ سمیت مختلف شہروں میں’’ تحریک پاکستان میں علماء و مشائخ کا کردار‘‘ کے موضوع پر سیمینارز کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ اس بات کا اعلان انھوں نے یوم آزادی کی تیاریوں کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ قیام پاکستان کے مخالفین اب استحکام پاکستان کے مخالفین بن چکے ہیں۔ یوم آزادی نہ منانے کا اعلان کرنے والوں کے خلاف غداری کا مقدمہ چلایا جائے۔ قیام پاکستان کے مخالفین بھارت کی زبان بول رہے ہیں۔ فضل الرحمن نے یوم آزادی نہ منانے کا اعلان کر کے ملک دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ پاکستان کا خوفناک معاشی، معاشرتی اور سیاسی بحران قومی یکجہتی کا متقاضی ہے۔ عشق پاکستان کی سوچ کو اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے۔ سیاسی نفرتوں کو دفن کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ پاک فوج اور عدلیہ کے خلاف بدزبانی کرنے والے ہوش کے ناخن لیں۔ فضل الرحمن بے روزگار ہونے کا غصہ پاک فوج کے خلاف نکال رہا ہے۔ محب وطن قوتیں استحکام وطن کے لئے متحد ہو جائیں۔ قومی اتحاد ہی بھارتی سازشوں کا بہترین توڑ ہے۔ یوم آذادی کے موقع پر پوری قوم نئے پاکستان کی تعمیر کا عزم کرے۔ اپوزیشن کا اتحاد ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکا ہے۔