ملتان (نامہ نگار خصوصی)متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے ٹرمپ حکومت کی جانب سے پاکستان کے لیے فوجی تربیتی پروگرام میں کٹوتی کرنے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ امریکہ پاکستان میں بننے والی نئی حکومت کو دبائومیں رکھنے کی غرض سے اس قسم کے اقدامات کررہا ہے۔انٹرنیشنل ملٹری ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ پروگرام میں66پاکستانیوں کے لیے مختص جگہ ختم کی جارہی ہے۔اسی طرح نیول اسٹاف،نیول وارکالج اور سائبر سیکیورٹی اسٹڈیزکورسزبھی بند کیے جارہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔امریکہ کی جانب سے اس قسم کے اقدامات سے تعلقات میں مزید خرابی ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ امریکہ کا دوہرا معیار کھل کرسامنے آچکا ہے۔وقت کاتقاضا ہے کہ امریکی غلامی کا طوق گلے سے اتار پھینکا جائے اور ایسی خارجہ پالیسی مرتب کی جائے جو باوقار،قومی سلامتی کی عکاس اور خودمختاری پرمبنی ہو۔ماضی کے حکمرانوں نے امریکی غلامی کا دم بھرنے کی خاطرسب سے زیادہ نقصان پاکستان کوپہنچایا ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ پاکستان ایک آزاد،خودمختارریاست ہے۔دنیا کو ہماری آزادی،خودمختاری اور سلامتی کا احترام کرنا ہوگا۔ہماری قربانیوں کا اعتراف کیے بغیر معاملات ٹھیک نہیں ہوسکتے۔