پاکستان کی بہتر ترقی کیلئے نوجوانوں کے مستقبل کو سنوارنا ہو گا: حسن عسکری

لاہور (خصوصی رپورٹر+ آئی این پی) نگران وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ نوجوان کسی بھی ملک کیلئے گروتھ انجن کا کردارادا کرتے ہیں اور ترقی و خوشحالی کے اہداف کے حصول کو نوجوان ہی ممکن بناتے ہیں کیونکہ ان کے پاس نئے خیالات، منفرد سوچ اور جدت ہوتی ہے اور اس بات میں کوئی شک و شبہ نہیں کہ پاکستان کے نوجوان انتہائی باصلاحیت، ذہین اور بھرپور اہلیت رکھتے ہیں۔نگران وزیراعلی نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان ان خوش قسمت ممالک میں شامل ہے جن کی زیادہ تر آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور آبادی کے اس بڑے حصے کوحقیقی معنوں میں بااختیار بناناوقت کا اہم ترین تقاضا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان صلاحیتوں اورذہانت میں کسی سے کم نہیں۔ پاکستانی نوجوانوں نے ہر سطح پر اپنی اہلیت کو منوایا ہے اور زندگی کے ہرشعبے میں اپنی خداداد صلاحیتوںسے ملک کا نام روشن کیا ہے اور قوم کو اپنے باصلاحیت نوجوانوں سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔نگران وزیراعلی نے کہا کہ نوجوانوں کوبااختیاربنانے کیلئے وسائل اورمواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ نگران حکومت نے نوجوانوں کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ کاوشیں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کو تابناک کرنے کیلئے نوجوانوں کے مستقبل کو سنوارنا ہوگا کیونکہ نوجوانوں کو بہتر رہنمائی اور تعلیم ملے تو یہ ملکی معیشت کے استحکام میں بڑی طاقت ثابت ہو سکتے ہیں۔ نگران وزیر اعلی نے کہا کہ نوجوانوں کے دن کو منانے کا مقصد نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دینا ، عالمی سطح پر نوجوانوں کو درپیش مسائل کا ازالہ اور قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے اقدامات بروئے کار لانا ہیں۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے قصور کے علاقے میں چھت گرنے کے باعث تین بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ نے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ نے انتظامیہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے اور ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی پولیس رائے طاہر کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

ای پیپر دی نیشن