آف شورکمپنیوں کی تحقیقات، نیب نے زلفی بخاری کو پھر طلب کرلیا

Aug 12, 2018

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے قریبی ساتھی زلفی بخاری پھر نیب نے طلب کر لیا ہے۔ آئندہ ہفتے نیب میں طلبی کے سمن جاری کردیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق زلفی بخاری سے آف شور کمپنیوں کے بارے میں تحقیقات ہوگی۔ پی ٹی آئی سربراہ کے قریبی ساتھی سے تحقیقات کیلئے نیب کی مشترکہ تفتیشی ٹیم نے سوالنامہ تیار کرلیاہے۔ذرائع کے مطابق زلفی بخاری کو کڑے سوالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔انھوں نے پچھلی پیشیوں پر دیے گئے سوالنامے کا ایک ماہ گزرنے کے باوجود بھی کوئی جواب نہیں دیاہے۔نیب نے زلفی بخاری کی آف شور کمپنیوں سے متعلق برطانیہ سے آڈٹ رپورٹ بھی حاصل کررکھی ہے۔نیب کی تفتیشی ٹیم آڈٹ رپورٹوں کی روشنی میں سوالات کرے گی۔واضح رہے کہ زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں بھی شامل کیا جا چکا ہے۔ 8 اگست کو ذرائع کے مطابق زلفی بخاری کا نام نیب کی درخواست پر ای سی ایل میں ڈالا گیا۔نگران وزیر داخلہ اعظم خان کی سربراہی میں کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے بھی نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری دی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب میں زلفی بخاری کے خلاف انکوائری چل رہی ہے،ان پر الزام ہے کہ انہوں نے دیگر افراد کی معاونت سے برٹش ورجن آئی لینڈز پر آف شور کمپنیاں بنا رکھی ہیں، جن کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور وہ منی ٹریل پیش کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں؟ اس سے قبل پچیس جون کو زلفی بخاری نیب کے روبرو پیش ہوئے۔

مزیدخبریں