اسلام آباد(نا مہ نگار) نیب راولپنڈی نے وزارت خارجہ کے سابق افسر طفیل قاضی کو بطور اکاونٹنٹ سرکاری فنڈ کو نقصان پہنچانے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے،نیب نے ملزم کو احتساب عدالت میں پیش کر کے 14دن کا جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کر لیا ہے۔نیب کے مطابق طفیل قاضی 2013سے 2018 تک صوفیہ بلغاریہ میں پاکستانی سفارت خانے میں تعینات رہا، ملزم نے سفارت خانے میں بطور اکاونٹنٹ سرکاری فنڈ کو نقصان پہنچایا۔نیب کے مطابق نیب راولپنڈی کو یہ کیس وزارت خارجہ کی جانب سے بھیجا گیا تھا،جس کے بعد نیب ٹیم نے ملزم کو اسلام آباد سے گرفتار کیا ہے،۔ڈی جی نیب عرفان نعیم منگی کاکہنا ہے کہ نیب کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، نیب کے تمام افسران کیسز کو میرٹ پر حل کریں گے۔عرفان نعیم منگی نے بتایا کہ افسران میگا کیسز کو جلد منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔