اسلام آباد(محمد صلاح الدین خان)وفاقی حکومت نے سرکاری اداروں کے اخراجات کم کرنے کی مد میں نئی پالیسی اختیار کرتے ہوئے عمل درآمد شروع کردیا ہے تمام وزارتوں اور ڈویژنوں میں نئی گاڑیوں کی خریداری،ملازمتوں کی نئی آسامیوں پر پابندی عائد کردی۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ تمام وزارتوں و ڈویژنوں اور ان کے ماتحت ڈیپارٹمنٹس میں افسران کے اخبارات و جرائد پر بھی پابندی ہوگی اور صرف مجاز افسران کو ایک اخبار یا میگزین لینے کی اجازت ہوگی۔ موٹر سائیکل کے علاوہ تمام اقسام کی گاڑیوں کی خریداری اور نئی اسامیوں پر بھی پابندی عائد کی جارہی ہے تاہم انتہائی ناگزیر وجوہات کی بنا پرکسی گاڑی کی سمری پر بنائی جانے والی کمیٹی غور کرسکے گی ،اس حوالے سے خصوصی 5رکنی کمیٹی ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے۔ذرائع کا کہناہے کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کفایت شعاری اور بچت پالیسی پر غور کے بعد مختلف وزارتوں ڈویژنوں کو خط لکھے گی ، جبکہ ایک افسرایک گاڑی کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے زائد گاڑیاں واپس لینے کے معاملے پر بھی غور ہو رہا ہے اس سے پٹرول اور مینٹی ننس کی مد میں سرکاری فنڈز کی بچت ہوسکے گی ۔تاہم ذرائع کا کہنا ہے اس بچت پالیسی کی راہ میں خود بیورو کریسی رکاوٹ کا باعث بنی ہوئی ہے۔