اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن نے گذشتہ روز اقلیتوں اور مذہبی آزادی کے عالمی دن کے موقع پر ایک گول میز کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں پاکستان میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے نمائندوں نے شرکت کی، گول میز کانفرنس سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن کے سیاسی کونسلر ’’ آئیونہ تھامس‘‘ نے خطاب کرتے کہا کہ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ برطانوی ہائی کمیشن مذہبی آزادی کے عالمی دن کے موقع پر اس کانفرنس کی میزبانی کر رہا ہے، برطانوی سفارتکار نے کہا کہ آج کی کانفرنس میں پاکستان کے مختلف مذاہب اور عقائد کے بہترین دماغوں نے حصہ لیا۔ برطانوی سفارتکار نے کہا کہ گیارہ اگست کا یہ دن پاکستان میں غیر معمولی تنوع کی عکاسی کرتا ہے ۔ اس تنوع کو ہمیں منانا چاہیے، پاکستان برطانیہ کا ایک طویل عرصے سے دوست ملک ہے اور برطانیہ پاکستان کو مذہبی آزادیوں کو موثر بنانے کیلئے حمایت فراہم کرتا رہے گا۔