پاکستان، انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ کل سے شروع ، قومی کرکٹرز کی سائوتھمپٹن میں پریکٹس

لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ کل جمعرات  سے روز بائول ساؤتھمپٹن میں شروع ہوگا۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن تین بجے شروع ہوگا۔ انگلینڈ کی ٹیم کو پاکستان کیخلاف تین میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ گزشتہ روز قومی کرکٹرز نے بیٹنگ ‘بائولنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کی اور خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کی ۔ کوچز نے کھلاڑیوں کو ان کی خامیوں سے آگاہ کیااور بہتری کیلئے ٹپس دیں ۔ قومی کرکٹرز پریکٹس کے دوران پر عزم نظر آئے اور ٹیسٹ سیریز میں واپسی کیلئے دوسرے میچ میں کامیابی کے عزم کا اظہار کیا ۔انگلینڈ ٹیم کے کپتان جو روٹ نے کہا ہے کہ گرین شرٹس کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دینے کے بعد انکی ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ انکی ٹیم فارم میں ہے اور پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی شکست دیکر تین میچوں کی سیریز 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرے گی۔آل رائونڈر کرس ووکس نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کریں گے،  گرین شرٹس کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دینے کے بعد ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں،وہ تین میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ گرین شرٹس سے پہلا میچ جیتنے کے باوجود دوسرے میں آسان نہیں لیں گے۔ سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کیلئے تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ ساؤتھمپٹن میں ہی شیڈول ہے جو21 سے 25 اگست تک کھیلا جائیگا۔

ای پیپر دی نیشن