جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر‘ فضائیں ملی نغموں سے گونجنے لگیں 

Aug 12, 2020

ملتان‘ وہاڑی‘ خانیوال (سماجی رپورٹر‘ نمائندہ نوائے وقت) شہر اور گردونواح میں یوم آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں‘ بازاروں اور مارکیٹوں میں سٹالز لگ گئے جہاں پر قومی پرچم‘ بیجز اور سٹیکرز کی فروخت جاری ہے چھوٹے بچوں کیلئے جشن آزادی کی مناسبت سے لباس اور نوجوانوں کیلئے شرٹس بھی ان سٹالز سے خریدی جا رہی ہیں ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار آ چکی ہے دکانوں گھروں اور گاڑیوں پر قومی پرچم لہرا رہے ہیں جبکہ نوجوانوں نے اپنی اپنی موٹر سائیکلوں اور کاروں کو بھی قومی پرچم سے سجایا ہوا ہے۔ سٹالوں پر صبح سے رات گئے تک یوم آزادی کی مصنوعات خریدنے کیلئے شدید رش رہتا ہے اور قومی نغمات بھی چلائے جا رہے ہیں یوم آزادی کی آمد میں چند روز باقی ہیں بچے اور جوان اپنی اپنی حیثیت کے مطابق یوم آزادی منانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ وہاڑی سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بازاروں میں جھنڈیوں اور سبز ہلالی پرچموں کے سٹال سج گئے۔ بچوں میں جوش و خروش بڑھنے لگا،بچے جھنڈیاں اور بیجز خریدنے میں مصروف ہیں۔ شہر میں جگہ جگہ جھنڈیوں،بیجز اور سبز ہلالی پرچموں کے سٹالز سج چکے ہیں اور بچے بڑے سب جھنڈیاں اور بیجز خریدرہے ہیں۔ بچے اپنے گھروں کوسجانے کیلئے جھنڈیاں خرید رہے ہیں تو وہی پر نوجوان اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر لگانے کیلئے سبز ہلالی پرچم لے رہے ہیں ہر شخص جشن آزادی کو لے کر انتہائی پرجوش دکھائی دیتاہے اور چودہ اگست آزادی کی خوشیاں منانے کی تیاریاں مکمل کی جارہی ہیں۔خانیوال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق شہریوں نے ایس او پیز کو نظر انداز کردیا ،کرونا کے باوجود شہریوں میں جشن آزادی منانے کے حوالے سے جوش وخروش میں کوئی کمی نظر نہیں آتی، مختلف مارکیٹوں میں پاکستانی پرچم کے تھیم پرمبنی نت نئے انداز واقسام کی آرائشی اشیاء فروخت ہوتی ہوئی نظر آئیں، جن میں ہر سائز اور ہر قسم کے قومی پرچم، جھنڈیاں، بیجز، سبز سفید رنگوں پر مبنی کئی اقسام کی ٹوپیاں، بینگلز،سبز سفید رنگوں والے چشمے ،فیس پینٹنگ اور اسی طرح دیگر آرائشی ساما ن شامل ہے ۔

مزیدخبریں