سرینگر (نوائے وقت رپورٹ ،آن لائن، کے پی آئی)بھارت نے معصوم کشمیری خاندان پر ظلم کی انتہا کر دی،پاکستانی ہونے کا جھوٹا اور من گھڑت الزام لگا کر 3 کشمیری مزدوروںکو شہید کر دیا ،پاکستان نے جعلی مقابلوں میں تین مزدوروں کے ماورائے عدالتقتل کی مذمت کی ہے،ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کہا بھارتی فورسز نے جعلی مقابلے کا ڈرامہ رچایا،رواں برس بھارتی فوج نے200کشمیریوں کو شہید کیا،عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ کشمیر میڈیا سرو س کے مطابق شہید کشمیریوں کے اہلِ خانہ نے بتایا کہ 18 سالہ ابرار کھٹانہ، 21 سالہ امتیاز احمد اور 25 سالہ ابرار احمد 16 جولائی کو کام کی تلاش میں سری نگر جانے کے لیے اپنے گھروں سے نکلے تھے، جس کے بعد ان سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔قابض بھارتی فوج نے کہا تھا کہ 3 نوجوان 18 جولائی کو جھڑپ کے دوران مارے گئے ہیں۔ظالم قابض بھارتی فوج نے ان تینوں نوجوانوں کو قتل کرنے کے بعد خود ہی ان کی تدفین بھی کر دی تھی۔بعد میں ان شہداء کی تصاویر سوشل میڈیا پر دیکھیں تو ان کے اہلِ خانہ کو علم ہوا کہ ان کے پیارے شہید کیے جا چکے ہیں۔تینوں شہید نوجوانوں کے اہلِ خانہ نے ثبوت کے طور پر شہداء کا ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔سینئر حریت رہنما شیخ عبد العزیز کے 12ویں یوم شہادت کے موقع پر وادی میں مکمل ہڑتال کی گئی ۔بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے شہید حریت رہنما کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تحریک آزادی کشمیر کے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کریں۔ کے پی آئی کے مطابق بھارتی قابض انتظامیہ نے شیخ عبدالعزیز کی شہادت کی برسی کے موقع پر بھارت مخالف مظاہروں کو روکنے کی غرض سے لوگوں کو گھروں میں محصور رکھنے کیلئے پابندیوں میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کر دی ہے ۔ کپواڑہ میں ایک تلاشی آپریشن کے دوران تین افراد کو گرفتار کرلیا گیاہے۔ فوج نے لالپورہ علاقے کا محاصرہ کیا تھا۔ دوران محاصرہ ان افراد کر گرفتار کیا گیا ۔ جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ترال علاقے میں تلاشی کاروائی شروع کی گئی۔ علاقے کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات کی گئی اور گھر گھر تلاشی کا سلسلہ جاری ہے ۔