کشمیریوں پر پابندیاں ختم کی جائیں، صدر بنا تو انتظامیہ میں مسلمانوں کو شامل کرونگا: جوبائینڈن

واشنگٹن(نوائے وقت رپورٹ + آن لائن) امریکی ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے کشمیر میں بھارتی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے بھارتی غیرقانونی قبضے والے جموں و کشمیر میں پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جوبائیڈن نے کہا کہ ہماری انتظامیہ میں ہر سطح پر مسلمانوں کی نمائندگی ہو گی۔ ان نسل پرست پالیسیوں کو ختم کریں گے جس طرح ٹرمپ نے پہلے ہی دن مسلمانوں پر پابندی لگائی۔ امریکی الیکشن میں مسلمانوں کی شمولیت اہم فرق ڈال سکتی ہے۔ رسول اکرمؐ کی حدیث میں ہدایت کی گئی کہ اگر برائی کو دیکھو تو ہاتھ سے روکو‘ اگر اس قابل نہ ہو تو زبان سے روکو ورنہ دل میں برا سمجھو اور آپ کے بازو‘ دل اور زبان میری کوششوں میں ساتھ ہیں۔ جوبائیڈن نے ایک بار پھر اس عزم کا اعلان کیا ہے کہ وہ صدر منتخب ہوئے تو مسلمانوں کو اپنی انتظامیہ میں شامل کریں گے۔ امریکی میڈیا کے مطابق مسلمز فاربائیڈن کے پلیٹ فارم سے ہونے والی آن لائن فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب میں جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ ٹرمپ نے نفرت اور نسلی امتیاز کا پرچار کیا۔ جوبائیڈن کا کہنا تھا حالیہ برسوں میں مذہب کی بنیاد پر جرائم میں 15 فی صد اضافہ ہوا، امریکا میں آباد مسلمان کمیونٹی ملکی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن