کراچی: گھریلو جھگڑوں سے تنگ خاتون کی 3بچوں کو زہر دیکر خودکشی

کراچی‘ ساہیوال‘ رحیم یار خان  (نمائندہ نوائے وقت + کرائم رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں ماں نے 3 بچوں کو زہر دیکر خودکشی کر لی۔ ساہیوال میں گھریلو جھگڑوں میں خاتون اور ایک لڑکی نے زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ جبکہ رحیم یار خان کے نواحی علاقوں میں 2 خواتین سمیت 5 افراد نے خودکشی کر لی۔ تفصیلات کے مطابق خاوند سے جھگڑنے اور گھریلو تنازعہ پر دو خواتین نے زہر کھا کر خود کشی کر لی۔ نواحی چک 71 فور آر میں 19 سالہ شادی شدہ لڑکی مسرت بی بی نے خاوند سے جھگڑ کر کالا پتھر  زہر پی کر خود کشی کرلی۔ چک 45 بارہ ایل میں بشیر احمد کی 15 سالہ بیٹی سلمیٰ نے گھریلو تنازعہ پر زہر پی کر خود کشی کرلی۔ رحیم یار خان سے کرائم رپورٹر  کے مطابق گزشتہ روز خان بیلہ کی رہائشی 25سالہ ثمرین بی بی نے گھریلو ناچاقی کے باعث جھگڑوں سے دلبرداشتہ ہو کر زہر پی لیا اور دم توڑ گئی جبکہ اسلامیہ کالونی  کے رہائشی  30سالہ محمد عمران جس کا ذہنی توازن درست نہ تھا نے بھاری مقدار میں خواب آور گولیاں کھا لیں اور ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گیا۔ شیدانی شریف سے نمائندہ خصوصی کے مطابق نواحی موضع اللہ ڈتہ بھیلہ کی روبینہ بی بی زوجہ محمد سلیم میکے آئی ہوئی تھی جس نے گھریلو پریشانیوں سے دلبرداشتہ ہو کر کالا پتھر پی کر خود کشی کر لی۔

ای پیپر دی نیشن