اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پارٹی کے اہم فیصلے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے مریم نواز پر قاتلانہ حملہ کرنے پر حکمرانوں پر مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایف آئی آر کے اندراج کے لئے پولیس درخواست وصول نہیں کر رہی۔ اگر پولیس نے درخواست وصول نہ کی ہائیکورٹ میں رٹ دائر کی جائے گی۔ سپریم کورٹ، ہائیکورٹس کے فیصلے، اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات نیب نیازی گٹھ جوڑ کے خلاف ایف آئی آر ہے۔ پارٹی کارکنان پر اس طرح کے پرچے اور مقدمے نیب نیازی گٹھ جوڑ کی غنڈہ گردی کا ایک اور ثبوت ہے۔ نہتے اور پرامن کارکنان پر حملہ کرنے والوں پر مقدمہ درج ہونا چاہئے۔ کرپٹ اور نالائق حکمران کیا بائیس کروڑ عوام پر پرچہ کرائیں گے؟۔ پرچہ عوام کے آٹا، چینی چوروں پر ہونا چاہئے۔ پرچہ پاکستان پر تاریخی 13000 ارب قرض کھانے والوں پر ہونا چاہئے۔ پرچہ تو 23 خفیہ اکائونٹس کے ذریعے ملک کے خلاف سازش کے لئے پیسہ وصول کرنے والوں پر ہونا چاہئے۔ پرچہ تو بی آر ٹی کے نام پر 126 ارب کے کھڈے کھودنے والوں پر ہونا چاہئے۔ پرچہ لاکھوں لوگوں کو بے روزگارکرنے والے روزگار دشمن حکمرانوں پر ہونا چاہئے۔ پرچہ توگیس بجلی چوروں پر درج ہونا چاہئے۔