اپوزیشن عوام دشمن پالیسیوں کا ڈٹ کر مقابلہ حکومت کریگی، حکومت جتنا رہے گی اتنا نقصان ہوگا: بلاول

Aug 12, 2020

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یہ حکومت جتنے عرصے برقرار رہے گی، ملک اور عوام کا نقصان زیادہ ہوتا چلا جائے گا۔ زرداری ہاؤس اسلام آباد میں بلاول بھٹو زرداری سے عوامی نیشنل پارٹی خیبر پی کے کے صدر ایمل ولی خان نے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورت حال پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پارلیمان اور پارلیمان کے باہر اپوزیشن کی جانب سے بھرپور کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے۔ اس حکومت کی کوئی سمت نہیں۔ یہ حکومت جتنے عرصے برقرار رہے گی، ملک اور عوام کا نقصان زیادہ ہوتا چلا جائے گا۔ اپوزیشن حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت چھوٹے صوبوں کے حقوق چھیننا چاہتی ہے، ہم چھوٹے صوبوں کے حقوق اور آئین کی پامالی کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ این ایف سی ایوارڈ کے معاملے میں حکومت کی جانب سے ناانصافی پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ملک کو ون یونٹ کی جانب دھکیلنے کی کوشش کو ہم ہر صورت میں ناکام بنائیں گے۔ ایمل ولی خان نے بلاول بھٹو زرداری کے خدشات‘ تحفظات اور نکات سے اتفاق کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے مساوی حقوق کے لئے مساوات و جمہوری معاشرے کے قیام کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے تاکہ پاکستان میں ہر شہری اپنے مذہب کے مطابق زندگی گزار سکے۔ منگل کے روز اقلیتوں کے قومی دن پر پیغام  میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائداعظم کے اس تصور کی حقیقی وارث ہیں، جس کا اظہار انہوں نے 11 اگست کے خطاب میں کیا تھا۔ یہی وہ نظریہ تھا جو 1973ء کے آئین کی روح ہے۔ متفقہ آئین پاکستانی قوم کے لئے ملک کے پہلے منتخب وزیر اعظم شہید بھٹو کا تحفہ ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے نیب آفس لاہور کے باہر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان تصادم پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ وہ پولیس کی جانب سے مریم نواز شریف پر شیلنگ اور پتھرائو کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ حکومتی رویئے سے یہ بات عیاں ہو گئی ہے کہ موجودہ حکمران جمہوری نہیں بلکہ سلیکٹڈ ہیں۔

مزیدخبریں