کرونا، مزید 17ہلاکتیں ، وبا ختم نہیں ، اگلا ہدف مائیکرو سمارٹ لاک ڈائون : اسد عمر

Aug 12, 2020

اسلام آباد‘ نئی دہلی‘ واشنگٹن (وقائع نگار خصوصی) ملک بھر میں کرونا وائرس کے مزید 531 کیسز اور17اموات رپورٹ ہوئیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا وائرس کے 531 نئے کیسز رپورٹ جبکہ 13  متاثرین کی اموات ہوئیں جس کے بعد ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 85 ہزار 655 اور ایکٹو کیسز کی تعداد 18 ہزار 289 ہے۔ این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد دو لاکھ 61 ہزار 246 ہو گئی ہے۔ سندھ میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 24  ہزار556 ، پنجاب میں مریضوں کی تعداد 94 ہزار586، کے پی میں کرونا وائرس سے متاثرمریضوں کی تعداد 34859، بلوچستان میں تعداد 11956، اسلام آباد میں کرونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 15281، آزاد جموں و کشمیر2150 اورگلگت میں 2371  ہوگئی۔پنجاب میں کرونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہزار 174، سندھ میں 2 ہزار 282، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 231، اسلام آباد میں 171، بلوچستان میں 138، آزاد کشمیر میں 59 اور گلگت بلتستان میں 57 ہو چکی ہے۔ ملک بھر میں اب تک 21 لاکھ 65 ہزار 811 ٹیسٹ ہو چکے ہیں اور ہسپتالوں میں اس وقت 146 مریض وینٹی لیٹرپر ہیں، پاکستان میں کرونا مریضوں کیلئے1859وینٹی لیٹرز ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق اس وقت ایک ہزار 365 کرونا مریض ہسپتالوں میں داخل ہیں۔ ملک میں کرونا ٹیسٹنگ صلاحیت یومیہ 60 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کی جانب سے محرم الحرام میں کرونا کے دوبارہ پھیلائو کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ  محرم الحرام کے دوران کرونا وائرس کے خلاف موثر اقدامات کے ذریعے عوام کا تحفظ اور فلاح وبہبود کو یقینی بنایا جائے گا۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دوکروڑ تین لاکھ تک پہنچ گئی جبکہ اس مہلک وائرس سے اب تک سات لاکھ39 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ مریضوں کے اعتبار سے امریکہ دنیا بھر میں پہلے، برازیل دوسرے اور بھارت تیسرے نمبر پر ہے جبکہ اموات کے اعداد و شمار میں امریکہ پہلے، برازیل دوسرے اور برطانیہ تیسرے نمبر پر ہے۔کرونا وائرس سے امریکہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، امریکہ میں کرونا وائرس سے مختلف ریاستوں میںاب تک ایک لاکھ66 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ادھر بھارت میں بھی کرونا وائرس کا انتہائی تیزی سے پھیلائو جاری ہے، ملک میں کرونا وائرس سے اب تک45361 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ دریں اثناء وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ خدشہ ہے کہ کرونا کیسز میں کمی کی فتح لاپرواہی کے باعث شکست میں تبدیل نہ ہوجائے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ ملک بھر میں کرونا کیسز میں کمی ہوئی ہے، ابھی یہ نہیں کہہ سکتے کہ کرونا ختم ہوا ہے، کرونا کیسز میں کمی کی وجہ بہترین حکمت عملی ہے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر وولکن بوذکرنے پاکستان کی کرونا کنٹرول پالیسی کی تعریف کی، بل گیٹس نے بھی ہمارے کرونا سے بچائو کے اقدامات کو سراہا۔ اسد عمر نے کہا کہ ہم نے پورا ملک بند کرنے کے بجائے سمارٹ لاک ڈائون کی پالیسی اپنائی، پاکستان میں 20 اضلاع میں سمارٹ لاک ڈائون ابھی بھی ہے۔ جبکہ ملک میں کرونا کے 7 ہزار سے زائد فعال کیسز ہیں۔ ہمارا اگلا ہدف مائیکرو سمارٹ لاک ڈائون ہے۔

مزیدخبریں