لاہور/ گوجرانوالہ/ سیالکوٹ (خصوصی نامہ نگار+ نمائندگان خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے قوم کو بری طرح مایوس کیا۔ تین برس میں کسی شعبہ میں بہتری نہیں آئی۔ وزیراعظم خود کرکٹر رہے، مگر ان کے دور حکومت میں کھیلوں کا شعبہ بھی برباد ہو گیا۔ ایک کروڑ نوکریاں تو درکنار، حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے 80لاکھ لوگ بے روزگار ہو گئے۔ پی ٹی آئی شجرکاری کو بھی سیاسی سٹنٹ کے طور پر استعمال کر رہی ہے، بلین ٹری منصوبہ کہیں نظر نہیں آرہا۔ کھاد، بیج، بجلی، زرعی ادویات اور مشینری کی قیمتوں میںکئی گنا اضافہ ہوا۔ چھوٹا کاشت کار فاقوں پر مجبور ہے، مگر وزیراعظم کہتے ہیں زراعت میں انقلاب برپا کر دیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹوکیو اولمپک میں شاندار کارکردگی دکھانے والے ویٹ لفٹر طلحہ طالب سے گوجرانوالہ میں ملاقات کے دوران کیا۔ امیر جماعت نے سیالکوٹ میں جماعت اسلامی کے سابق ایم این اے چودھری نذیر احمد خان اور گوجرانوالہ میں نائب امیر گوجرانوالہ سلیم بٹ کی رحلت پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور مرحومین کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ بعدازاں انہوں نے سیالکوٹ میں ضلعی تنظیم کے اجلاس کی صدارت کی۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، قیم جماعت اسلامی وسطی پنجاب بلال قدرت بٹ، امراء اضلاع گوجرانوالہ و سیالکوٹ مظہر اقبال رندھاوا اور میاں محمد آصف بھی ان کے ہمراہ تھے۔گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں امیر جماعت نے کہا کہ افغانستان کی عوام مارچ طاقتوں کو شکست دینے پر حقیقی معنوں میں قابل مبارکباد ہیں۔ مگر اب وہاں صورت حال پریشان کن اور خانہ جنگی کی سی ہے۔ افغانستان میں امن اور استحکام پاکستان سمیت تمام خطہ کے لیے ناگزیر ہے۔ بھارت افغانستان کی خانہ جنگی کا فائدہ اٹھا کر پاکستان کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں امیر جماعت نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں مقبوضہ کشمیر کی ریاستی حیثیت کا خاتمہ ہوا اور بھارت نے مقبوضہ علاقے میں اپنا پورا تسلط قائم کر لیا۔ یہ واقعہ پی ٹی آئی کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے اور قوم اسے کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ وزیراعظم نے کشمیر کے سفیر ہونے کا دعویٰ کیا، مگر کشمیر کاز کے لیے کچھ بھی نہیں کیا۔ حقیقت یہ ہے کہ ایک انڈرسٹینڈنگ کے تحت کشمیر کو تقسیم کر دیا گیا ہے اور ’’ادھر تم، ادھر ہم‘‘ کے فارمولے پر عمل کیا جا رہا ہے۔ امیر جماعت نے طلحہ طالب سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں ٹوکیو اولمپک میں شاندار کارکردگی دکھانے پر شاباش دی اور ایک لاکھ روپے کا انعام دیا۔ انہوں نے کہا کہ طلحہ نے بغیر کسی حکومتی سرپرستی کے ٹوکیو میں بہترین پرفارمنس دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ سیالکوٹ میں اراکین و کارکنان جماعت سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے زور دیا کہ جماعت اسلامی سے وابستہ افراد دین کا پیغام پوری محنت سے گھر گھر پہنچائیں اور ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد تیز کر دیں۔