لاہور (وقائع نگار) شمالی چھائونی میں ڈاکوئوں نے مزاحمت پر بزرگ شہری کو گولیاں مار کر قتل کردیا اور 15 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے جبکہ شہر میں چوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے شہریوں کو لاکھوں روپے مالیت کی نقدی زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء سے محروم کردیا۔ ذرائع کے مطا بق شمالی چھائونی کے علاقے میں کینٹ کا رہائشی 72سالہ میاں محمد شفیق نجی بینک سے 15لاکھ روپے نکلوا کر گھر جا رہا تھا کہ ضرار شہید روڈ پر موٹرسائیکل سوار ڈاکوئوں نے اسے روک کر 15لاکھ روپے لوٹ لیے اور مزاحمت پر فائرنگ کر دی۔ میاں محمد شفیق موقع پر دم توڑ گیا۔ کوٹ لکھپت کے علاقے قینچی چونگی کے قریب موٹرسائیکل سوار ڈاکو سعد عباسی نامی شہری کی مٹھائی کی دکان میں گھس گئے اور گن پوائنٹ پر مالک سے 50ہزار نقدی اور گاہک سے 20ہزار روپے چھین کر فرار ہو گئے۔ گلشن راوی کے علاقہ میں ڈاکو اسلم میں گھس کر اس کی فیملی کو یرغمال بنا کر 2لاکھ مالیت، رائیونڈ سٹی میں فضل الہی کی فیملی کو یرغمال بنا کر 2لاکھ40ہزار مالیت، گجر پورہ میں عبدالحنان کی فیملی کو یرغمال بنا کر 2لاکھ 10ہزار روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقدی اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہو گئے۔ نواں کوٹ میں موٹرسائیکل سوار ڈاکو اسلحہ کے زور پر مجاہد اور فیملی سے1لاکھ 30ہزار کی نقدی اور طلائی انگوٹھی، ہربنس پورہ کے علاقہ میں اسحاق سے 2لاکھ روپے کی نقدی اور موبائل فون، گارڈن ٹاؤن میں اشتیاق سے1لاکھ 20ہزار کی نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے۔ جبکہ غازی آباد، ڈیفنس بی سے 2گاڑیاں اور یکی گیٹ، نولکھا، لٹن روڈ، شیراکوٹ اور سبزہ زار، ٹاؤن شپ، گرین ٹاؤن، کاہنہ سے موٹرسائیکلیں چوری کر لی گئیں۔