آزادی کپ ہاکی‘  ایئرفورس اور نیشنل بینک کی فتوحات

 راولپنڈی (این این آئی)ماڑی پیٹرولیم آزادی ہاکی کپ میں ایئرفورس اور نیشنل بینک نے فتوحات حاصل کرلیں، سوئی سدرن گیس اور پنجاب کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ،ایئر فورس کے رضوان علی، نیشنل بینک کے دلبر حسین اور سوئی سدرن گیس کے رانا سہیل مین آف دی میچ قرار پائے،نیشنل بینک اور سوئی سدرن گیس کے مابین کانٹے دار میچ نے شائقین ہاکی کے دلوں کو گرمائے رکھا۔تفصیلات کے مطابق پاکسنان ہاکی فیڈریشن کی زیرنگرانی ماڑی پیٹرولیم سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام ماڑی پیٹرولیم آزادی ہاکی کپ کے تیسرے روز مزید دو میچز کا فیصلہ ہوگیا۔ 8 اگست تا 15 اگست آرمی ہیریٹیج فاونڈیشن کے زیرانتظام ماڑی آسٹروٹرف ہاکی سٹیڈیم ایوب پارک راولپنڈی میں جاری ملکی تاریخ کے قیمتی ترین انعامات کے ساتھ جاری ایونٹ میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کی صف اول کی آٹھ ٹیمیں شریک ہیں جن میں پاکستان واپڈا، نیشنل بینک ، سوئی سدرن گیس، پاکستان نیوی، ماڑی پیٹرولیم، پاکستان ایئر فورس، پنجاب اور پاکستان آرمی کی ٹیمیں شامل ہیں۔پہلا میچ پاکستان ایئر فورس اور پنجاب کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جوکہ پاکستان ایئر فورس نے 1-5 گول سے جیت لیا۔ پی اے ایف کی جانب سے ہونہار ڈریگ فلکر رضوان علی نے پینلٹی کارنرز پر تین شاندار گول سکور کرکے ہیٹ ٹرک سکور کی جبکہ سفیان خان اور عبدالرحمٰن نے ایک، ایک گول سکور کیا۔ پنجاب کی جانب سے واحد گول بلال اسلم نے سکور کیا۔ اس میچ کے مہمان خصوصی 1994 عالمی کپ کے کوچ و سابق ہیڈ کوچ و مینجر قومی ہاکی ٹیم سعید خان انٹرنیشنل تھے جنہوں نے مین آف دی میچ کا ایوارڈ ایئر فورس کے کھلاڑی رضوان علی کو دیا۔ رضوان علی کو کنگ خان دوبئی کی جانب سے ہاکی سٹک دی گئی۔دوسرا دلچسپ اور سنسنی خیز میچ نیشنل بینک اور سوئی سدرن گیس کے مابین کھیلا گیا جو نیشنل بینک نے ایک شاندار مقابلہ کے بعد 3-4 گول سے جیت لیا۔ نیشنل بینک کی جانب سے دلبر،علی حسن، جنید منظور اور ارسلان قادر نے گول سکور کئے جبکہ سوئی سدرن گیس کی جانب سے سہیل ریاض نے 2 شاندار گول اور عباس حیدر نے ایک گول کیا۔ اس میچ کے مہمان خصوصی سابق سیکرٹری ڈی ایچ اے راولپنڈی اور سی ای او، ایس آئی آر بلڈرز راجہ شاہد اقبال تھے۔ معزز مہمان خصوصی کو کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز سے متعارف کرایا گیا۔ میچ کے اختتام پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ مشترکہ طور پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں میں تقسیم کیا گیا۔ نیشنل بینک کے کھلاڑی دلبر حسین اور سوئی سدرن گیس کے کھلاڑی رانا سہیل مین آف دی میچ قرار پائے۔ماڑی پیٹرولیم کی جانب سے پاکستان ہاکی کے ڈومیسٹک ایونٹس کی تاریخ کے سب سے بڑے انعامات کا اعلان کیا گیا۔ فائینل جیتنے والی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو 100 سی سی موٹرسائیل اور رنر اپ ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لئے 70 سی سی موٹرسائیکل دی جائینگی۔میگا ایونٹ کے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر لیجنڈ اولمپین حنیف خان اپنے فرائض منصبی سرانجام دے رہے ہیں جبکہ اسسٹنٹ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کے فرائض محمد شفیق بھٹی اور محمد یسٰین تعینات کئے گئے ہیں۔ ایمپائرز مینجرراشد محمود بٹ اور اسسٹنٹ ایمپائرز مینجر دلاور بھٹی اپنے فرائض منصبی سرانجام دے رہے ہیں۔
ماڑی پیٹرولیم آزادی

ای پیپر دی نیشن