کراچی (وقائع نگار)سندھ ہائیکورٹ میں ایم کیوایم مرکز نائن زیرو سے اسلحہ برآمدگی کیس میں ایم کیوایم کارکن عبید کے ٹو، فیصل موٹا، فرحان شبیر سمیت 11 ملزمان کی سزا کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی ،عدالت نے رینجرز اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 12 اکتوبر کو اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر سے جواب طلب کرلیا، جسٹس کے کے آغانے کہاکہ ملزم عبید کے ٹو کو جیل سے عدالت کیوں لایا گیا ہے؟ پراسیکیوٹر اقبال اعوان نے کہاکہ ملزم نے ذاتی حیثیت سے اپیل دائر کی تھی، عدالت نے کہاکہ پیروی کے لیے وکیل کرنا ہے یا سرکاری خرچ پر وکیل کی اجازت دی جائے ؟ ملزم عبید کے ٹونے عدالت میں کہاکہ ذاتی خرچ پر وکیل کی خدمات حاصل کرنے کے لیے مہلت دی جائے، وکیل کرنے کے لیے پیسے نہیں ہیں کیس میں لمبی تاریخ دی جائے جبکہ ملزم عبید کے ٹو نے طبی معائنے کے لیے بھی درخواست جمع کرادی ،عدالت نے عبید کے ٹو کا طبی معائنہ کرنے کی اجازت دے دی واضح رہے کہ انسداددہشت گردی عدالت نے ایم کیوایم کارکنوں کو جرم ثابت ہونے پر سزا سنائی تھی جبکہ رینجرز نے 11 مارچ 2015 کو ایم کیوایم نائن زیرو پر چھاپے کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا تھا۔