راحیلہ ٹوانہ ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی  میں شامل ، وزیر اعظم پر اظہار اعتماد 

کراچی (نیوز رپورٹر) سندھ اسمبلی کی سابق ڈپٹی اسپیکر راحیلہ ٹوانہ نے اپنی جماعت پاک وطن پارٹی کو پاکستان تحریک انصاف میں ضم کرنے کا اعلان کردیا جبکہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سندھ ارباب غلام رحیم   سے ملاقات کرتے ہوئے مسلم لیگ فنکشنل اور ق لیگ کی کئی اہم سابق اراکین سندھ اسمبلی نے بھی وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے  پی ٹی آئی میں شمولیت کرلی۔  وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سندھ ارباب غلام رحیم   سندھ اسمبلی کی سابق ڈپٹی اسپیکر راحیلہ ٹوانہ کے گھر پہنچے، جہاں ان سے موجود سیاسی صورت حال پر گفتگو کی۔ اس موقع پر  راحیلہ ٹوانہ  نے  کچھ عرصہ قبل ہی نوتشکیل شدہ اپنی پارٹی ’’ پاک وطن پارٹی‘‘ کو پی ٹی آئی میں ضم  اور ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ انہوں نے  آئندہ پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے عوامی خدمات جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا۔ سابق ڈپٹی اسپیکر راحیلہ ٹوانہ  نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے گھر پی ٹی آئی کے بہت لوگ آئے، میں کسی جماعت میں جانا نہیں چاہتی تھی مگر عمران خان کے نظریے نے بہت زیادہ متاثر کیا، جس کو سمجھنے کی ضرورت ہے، انہوں نے دبنگ انداز سے پاکستان کی لڑائی لڑی۔ انہوں نے کہا کہ  ارباب غلام رحیم جب وزیراعلی سندھ تھے تو تمام نہروں کو صاف کردیا گیا تھا اور پانی کی منصفانہ تقسیم ہوتی تھی، ہم نے پاک وطن پارٹی کی بنیاد رکھی تھی، آج میں اس پارٹی کو پاکستان تحریک انصاف میں ضم کررہی ہوں۔ دوسری جانب مسلم لیگ ق کی رہنما اور سابق رکن اسمبلی سندھ بانو صدیقی نے بھی تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ق لیگ کی جب حکومت ختم ہوئی میں نے کسی بھی سیاسی پارٹی میں شمیولت کا اعلان نہیں کیا، ارباب رحیم نے شمیولیت کا اعلان کیا تو میں بھی آج پی ٹی آئی میں شمیولت کا اعلان کرتی ہوں، عمران خان کی کشمیر پالیسی بہت اچھی ہے۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ فنکشنل کی سابقہ رکن اسمبلی نائلہ انعام نے بھی تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارباب رحیم نے پانچ سال میں جو کام کیا ہے، وہ سندھ کی شان ہے، ان کے دور میں کوئی کرپشن نہیں ہوئی، ارباب رحیم کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔

ای پیپر دی نیشن