کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کشمیر پریمیئر لیگ کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں۔ لیگ کے چھٹے روز پہلے میچ میں رااولاکوٹ ہاکس نے باغ اسٹیلینز کو5 وکٹوں سے شکست دے دی جبکہ دوسرے میچ میں میرپور رائلز نے سپر اوور میں کوٹلی لائنز کو شکست دے دی۔کوٹلی لائنز پلے آف کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔ احسان علی کے رنز کوٹلی لائنز کو کامیابی نہ دلواسکے۔ پوائنٹس ٹیبل کی آخری دو درجوں پر موجود ٹیموں کے درمیان معرکہ آرائی میں میرپورلائنز نے سنسنی خیز انداز میں میچ ٹائی کیا اور پھر شعیب ملک کی باونڈری نے میرپور رائلز کی جیت کا اعلان کردیا۔کوٹلی لائنز نے ٹاس جیت کر پہلے اپنے بولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا تو شرجیل خان (12) کو گنوانے کے بعد مختار احمد اور محمد اخلاق نے 99 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ایک بڑے مجموعے کی نوید سنا دی۔ مختار احمد نے چھ مرتبہ گیند کو باونڈری کی راہ دکھانے کے ساتھ ساتھ تین چھکے لگاتے ہوئے 38بالز پر 61 رنز کی ایک اور بڑی اننگز کھیلی۔ محمد اخلاق پانچ رنز کی کمی سے نصف سنچری مکمل نہ کرسکے مگر 28گیندوں پر چھ چوکے اور ایک چھکا لگاتے ہوئے انہوں نے مختار احمد کا خوب ساتھ دیا۔ کپتان شعیب ملک نے روایتی انداز میں 19گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے سمیت 28*رنز بنائے لیکن دوسری طرف خوش دل شاہ نے آخری اوور میں بولرز کا بھرکس نکالتے ہوئے صرف 13گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے تین چوکے اور چار زوردار چھکوں کی مدد سے تماشائیوں کو بھرپور لطف فراہم کیا۔ میرپور رائلز نے 211رنز کا مجموعہ سجا دیا جبکہ کوٹلی لائنز کیلئے مجتبی غیاص نے دو وکٹیں اپنے نام کیں۔ایک بڑے مجموعے کے تعاقب میں کوٹلی لائنز کا آغاز مثبت تھا۔ پہلے تیسرے اوور میں اسکور 31تک پہنچ چکا تھا کہ سلمان ارشاد نے 14رنز بنانے والے سلمان ارشاد کو بولڈ کردیا۔ عبداللہ سید بھی دو چھکے لگانے کے بعد 16رنز کے ساتھ سلمان ارشاد کا دوسرا شکار بن گئے۔ احسان علی کو تجربہ کار کشمیری بیٹسمین حسن رضا کا ساتھ ملا تو باونڈریز لگانے کی رفتار میں بھی اضافہ ہوگیا۔ نویں اوور میں 88کے مجموعی اسکور پر حسن رضا دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 21بالز پر 34رنز بنا کر رن آوٹ ہوئے تو 56 رنز کی شراکت کا بھی خاتمہ ہوگیا۔ آصف علی (2) کو آوٹ کرکے سلمان ارشاد نے کوٹلی لائنز کو گہری چوٹ پہنچائی لیکن احسان علی کا بلا رکنے کا نام نہیں لے رہا تھا جنہوں نے سیف بدر کے ساتھ 14ویں اوور میں کوٹلی لائنزکے 150 رنز مکمل کردیے۔ 14ویں اوور کی مسلسل دو گیندوں پر عماد بٹ نے سیف بدر (22) اور خالد عثمان (صفر) کو پویلین بھیج کر سنسنی پھیلا دی۔ کوٹلی لائنز کی اخری امید احسان علی تھے جو 85* تک پہنچ چکے تھے اور آخری تین اوورز میں 29رنز کی ضرورت تھی۔ احسان علی نے 47 بالز پر دس چوکے اور چھ چھکے لگائے مگر اٹھارہویں اوور کی آخری گیند پر شاداب مجید نے 99کے انفرادی اسکور پر احسان علی کو آوٹ کردیا۔ اخری اوور میں آٹھ رنز درکار تھے اور پھر صورتحال ایک گیند، ایک رن پر پہنچ گئی۔ شاداب مجید کی گیند پر مجتبی غیاص نے ایک رن لینے کی کوشش کی تو شعیب ملک نے مجتبی کو رن آوٹ کرکے میچ کو سپر اوور میں داخل کروادیا۔ سلمان ارشاد نے تین اور عماد بٹ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
میرپور رائلز