کرونا: 81 اموات ہوائی سفر کیلئے ستمبر سے مکمل ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی

Aug 12, 2021

اسلام آباد/ لاہور  (نامہ نگار+کامرس رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ ) ملک بھر میں کرونا وائرس سے مزید 81 افراد جاں بحق، اموات کی تعداد 24 ہزار 85 ہوگئی۔ کیسز 10لاکھ 80 ہزار 360ہوگئے۔4856  نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ مثبت کیسز کی شرح  7.5 ہو گئی۔ اب تک 9 لاکھ 72 ہزار 98 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں،4513 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ جبکہ کراچی کے علاقے کورنگی میں مزید چار شادی ہالز کے مالکان اور منیجرز کو گرفتار کرلیا گیا۔ دنیا بھر میں ہلاکتیں 327103، مصدقہ کیسز 20 کروڑ 47 لاکھ 96 ہزار 64 سے تجاوز کر گئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (این سی او سی) نے ملک میں ویکسینیشن کی رفتار کو تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ این سی او سی نے ویکسین کی پہلی اور دوسری ڈوز کا درمیانی وقفہ 42دن سے کم کر کے 28دن کر دیا۔  فیصلہ این سی او سی کے مطابق 10ستمبر کے بعد ہوائی سفر کیلئے مکمل ویکسینیشن لازمی قرار دے دی گئی ہے۔ 10ستمبر کے بعد ہوائی سفر کے لیے ویکسینیشن کا جزوی سرٹیفکیٹ کارآمد نہیں ہو گا۔ علاوہ ازیں این سی او اسی نے 14اگست و عاشورہ کے موقع پر ویکسی نیشن کے بارے میں فیصلہ کیا ہے کہ چودہ اگست کو ویکسی نیشن کا عمل بدستور جاری رہے گا، لیکن محرم کی نویں و دسویں تاریخ کو ویکسی نیشن کا عمل معطل رہے گا۔ کوویکس کے تحت چین سے انسداد کورونا وائرس کی ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئی۔ ویکسین سائنو فارم کی 10لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچی ہیں۔ خوراکوں کو دفترخارجہ اور چینی سفارت خانے کے حکام نے وصول کیا ہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ رواں ہفتے چین سے کوویکس کے تحت مجموعی طور پر 60لاکھ کرونا وائرس کی سائنو فارم ویکسین کی ڈوزز آئیں گی۔ متحدہ عرب امارات نے ورک ویزا کے حامل پاکستانیوں کیلئے نئی گائیڈ لائن جاری کر دی ہیں۔ این سی او سی کے مطابق یو اے ای کیلئے پرواز کی روانگی سے 48 گھنٹے قبل کی پی سی آر منفی ٹیسٹ رپورٹ لازمی ہوگی۔ نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پی سی آر ٹیسٹ یو اے ای کی منظور شدہ لیبارٹری سے کرانا ہوگا۔ یو اے ای پرواز روانگی سے چار گھنٹے قبل ریپڈ پی سی آر منفی ٹیسٹ بھی لازمی ہوگا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کرونا سے متعلق طبی آلات کی درآمد پر سیلز ٹیکس چھوٹ میں توسیع کردی۔ سیلز ٹیکس چھوٹ 9جولائی سے 31دسمبر تک تصور ہوگی۔ ایف بی آر نے 61سے زائد طبی آلات پر سیلز ٹیکس چھوٹ میں توسیع کی ہے۔ طبی آلات میں کرونا ٹیسٹنگ کٹس، این 95 ماسک، بائیو سیفٹی آلات، مائیکرو سینٹری فیوج، مختلف نوعیت کی پی سی آر کٹس، ایکسرے مشینیں، نیوبلائزر، الٹراسائونڈ مشینیں، ای سی جی مشینیں، مختلف دستانے، خصوصی عینک، سرجیکل ماسک، فیس شیلڈ، سرنجیں شامل ہیں۔ ایف بی آر نے سیلز ٹیکس چھوٹ کا تفصیلی نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ طبی الات کی درآمد، سپلائی کے عمل کوسیلز ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہوگا، سیلز ٹیکس چھوٹ 9جولائی سے 31دسمبر تک تصور ہوگی۔ خیال رہے ایف بی آر نے 25نومبر 2020سے جولائی 2021تک چھوٹ دی تھی۔

مزیدخبریں