رحیم یار خان (بیورو رپورٹ) اقلیتی برادری کے قومی دن کے موقع پر ضلع رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد کے علاقہ بھونگ میں گذشتہ دنوں شرپسندی کا نشانہ بننے والی ہندو برادری کی مذہبی عبادتگاہ گنیش مندر میں قومی یکجہتی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ جس کے مہمان خصوصی ایم این اے اورسربراہ آل پاکستان ہندو کونسل ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی تھے۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد، ڈی پی او اسد سرفراز، ممبران امن کمیٹی علامہ عبدالرئوف ربانی، ریاض احمد نوری، خواجہ محمد ادریس، بابر زمان، بھیا رام انجم، یدھسٹر چوہان، کانجی رام، گرو سکھ دیو جی، اسسٹنٹ کمشنر یوسف کلیم، ریاست علی سمیت مسلم و ہندو کمیونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ایم این اے ڈاکٹر رمیش کمار نے گنیش مندر کے احاطہ میں سبز ہلالی پرچم لہرا کر قومی یکجہتی کا اظہار کیا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شرپسندی کا نشانہ بننے والے گنیش مندر میں گنیش بھگوان کی پوجا سمیت دیگر مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد گنیش مندر کو ہندو برادری کے لئے بحال کر دیا گیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آل پاکستان ہندو کونسل کے سربراہ و ایم این اے ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ گنیش مندر حملہ کو عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لئے استعمال کرنے والے ہمسایہ ملک کے میڈیا کو آج یہ بھی دکھانا چاہیے کہ صرف ایک ہفتہ کی قلیل مدت میں گنیش مندر اپنی پہلے سے بہتر حالت میں بحال ہو چکا ہے اور یہ ہی ایک اسلامی جمہوری ریاست کی شناخت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی ملے گی اور اقوام متحدہ کو اپنی قرار دادوں پر عملدرآمد کرانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقع میں ملوث95 افراد گرفتار ہو چکے ہیں اور میں پولیس سے کہتا ہوں کہ کسی بھی بے گناہ کو سزا نہیں ہونی چاہیے جن عناصر نے یہ شرپسندی کی ہے وہ اپنی حرکت پر شرمندہ ہیں تو جذبہ خیر سگالی اور محب وطن پاکستانی ہونے کے ناطے ہم اس پر سنجیدہ غور کریں گے۔ اس موقع پر سربراہ ہندوکونسل نے گنیش مندر کے احاطہ میں پودا بھی لگایا۔
صادق آباد‘ بحالی کے بعد گنیش مندر میں قومی یکجہتی کا مظاہرہ‘ پرچم کشائی
Aug 12, 2021