اسلام آباد(نا مہ نگار)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے جشن آزادی کے سلسلے کی تیسری تقریب میں راولپنڈی اور اسلام آباد ریجن کے 38 طلبا و طالبات کے مابین ملی نغموں کے مقابلے کا انعقا د کیا،صدارت فیکلٹی آف ایجوکیشن کے ڈین، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کی جبکہ دیگر مقررین میں رجسٹرار، راجہ عمر یونس، ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشنل ٹیکنالوجی، پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ اعوان، ڈائریکٹر سٹوڈنٹ ایڈوائزری اینڈ کونسلنگ سروسز، رانا طارق جاوید شامل تھے، مقررین نے کہا کہ ملی نغموں کے مقابلے کا بنیادی مقصد نوجوان نسل میں جذبہ حب الوطنی بیدار کرنا تھا۔اس موقع پرراجہ عمر یونس نے شعر " بغیر اس کے کہاں ممکن تھی میری شناخت، میرا وطن میرے شجرہ نصب کی طرح ہے" پڑھ کر سنایا۔ طلبہ و طالبات نے جو ملی نغمے پیش کئے ان میں 'دل دل پاکستان'، 'اے وطن پیارے وطن'،' میں بھی پاکستان ہوں '،'ہم زندہ قوم ہیں '،'سوہنی دھرتی'، 'وطن کی مٹی گواہ رہنا'،'جگ جگ جئے'،'جیوے جیوے پاکستان'،'چاند میری زمین پھول میرا وطن '،'اے وطن پیارے وطن'،'یہ وطن تمھارا ہے'' شامل تھے۔ججز میں ڈاکٹر ثمینہ یاسمین، ڈاکٹر سید علی شیرانی اور ڈاکٹر ارشد محمود ناشاد شامل تھے، پہلی ،دوسری اور تیسری پوزیشن بالترتیب وسیم بشیر، فضا الیاس اورصوبیہ جہانگیر نے حاصل کی۔پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو انعامات 30اگست کو دیے جائیں گے۔