راولپنڈی ( جنرل رپورٹر) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاہے کہ اسرائیل کا وجود ناجائزہے، عالمی استعمار مسلسل اس ناجائز ریاست کی پشت پناہی جاری رکھے ہوئے ہے کیونکہ ایک منصوبہ بندی کے تحت فلسطینیوں پر مظالم اور ان کی سرزمین سے بے دخل کرکے ظالم ریاست کو دوام بخشنے کےلئے توسیع دی جارہی ہے مسلسل ننگی جارحیت کو روکنے اور فلسطینیوں کو حقوق دلانے کیلئے عالمی سطح پر مضبوط اور منظم موقف کےساتھ پالیسی مرتب نہیں کی جائیگی تب تک اسرائیل نہ صرف مزید خونخوار ہوگا بلکہ فلسطینیوں پر ظلم کی تاریک رات مزید لمبی ہوجائیگی، ایک طرف عالمی سطح پر یوم جوانان جبکہ دوسری طرف فلسطینی و کشمیری عوام کی نسل کشی یہ کھلا دہرا معیار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے حالیہ اسرائیلی جارحیت پر ردعمل ، عالمی یوم جوانان اور پاکستان میں اقلیتی برادری کےساتھ اظہار یکجہتی کے یوم پر اپنے الگ الگ پیغام میں کیا۔ قائدملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ مسلسل فلسطینی عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں، اس کی بستیوں کو کھنڈرات میں تبدیل کردیاگیاہے، حالیہ جارحیت میں مزاحمتی تحریک جہاد اسلامی کے رہنماﺅں کو شہید کیا گیا ۔