اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ اور سیکریٹری خالد چوہدری نے گولڑہ روڈ فرنیچرمارکیٹ کا دورہ کیا، صدر فرحان خان اور جنرل سیکرٹری کاشف شیخ سے ملاقات کی۔اس موقع پر پاکستان فرنیچر ایسوسی ایشن کے چیئرمین زاہد حسین بھی موجود تھے اجمل بلوچ نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گولڑہ روڈ اسلام آباد راولپنڈی کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے سٹریٹ لائٹس لگی ہوئی ہیں لیکن حدود کا تعین نہ ہونے کی وجہ سے لائٹس کو فنکشنل نہیں کیا جا سکا۔ جس کی وجہ سے سرشام اندھیرا چھا جانے سے اسٹریٹ کرائم میں اضافہ ہوگیا ہے اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ مارکیٹ اسلام آباد کی حدود میں ہے اس لیے چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد سے اپیل ہے کہ وہ حدود کا تعین کرواتے ہوئے ڈائریکٹر اسٹریٹ لائٹ کو ہدایات جاری کریں تاکہ لائٹس چل سکیں۔ گولڑہ روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر فرحان خان اور جنرل سیکریٹری محمد کاشف شیخ نے اس موقع پر کہا کہ صفائی کا کوئی نظام موجود نہیں ہے فٹ پاتھ نہیں ہیں، جبکہ ٹوائلٹ اور پینے کا پانی بھی میسر نہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ وہ فوری ایکشن لیتے ہوئے مارکیٹ کو درپیش مشکلات کا جائزہ لیں اور فوری طور پر اسٹریٹ لائٹس چلائی جائیں۔