حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر حافظ آباد توقیر الیاس چیمہ نے کہا ہے کہ دریائے چناب میں آئندہ چوبیس سے اڑتالیس گھنٹوں کے درمیان سیلاب کا خطرہ ہے جس کے لیے ضلع انتظامیہ کی جانب سے فوری طور پر 6فلڈ ریلیف سنٹرز قائم کیے جارہے ہیں۔کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ہر وقت امدادی کاموں کیلئے محکمہ صحت،لائیو سٹاک ، ریونیو،سو ل ڈیفنس،اور دیگر محکموںکے ملازمین فلڈ ریلیف کیمپوں میں حاضری کو یقینی بنائیں۔انہوں نے ان خیالات کاا ظہار دریائے چناب میں ممکنہ سیلاب کے خدشا ت کے پیش نظر متعلقہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمر فاروق وڑائچ،اسسٹنٹ کمشنر حافظ آباد رب نواز، اے سی پنڈی بھٹیاںمنور حسین،ڈسٹرکٹ اےمرجنسی آفیسرعد نان نواز نے اجلاس میں شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے ریونیوافسروں کو ہدایت کی کہ دریائی علاقوں کے رہائشی عوام کو بھی اس حوالہ سے فوری طور پر آگاہ کیا جائے تا کہ وہ بھی پیشگی حفاظتی اقدامات کر سکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ریسکیو 1122کے افسران کو ہدایت کی کہ تمام بوٹنگ پوائنٹس پر کشتیاں اور دیگر ضروری سامان فور ی طور پر پہنچا دیا جائے ۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی فوری اطلاع کیلئے ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹر (کنٹرول روم )بھی قائم کر دیا گیا۔