اسلام آباد(وقائع نگار ) وفاقی وزیر، وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع، اوروفاقی سیکریٹری، وزارت ہاوسنگ اینڈ ورکس افتخار علی سلوانی، نے پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی فاؤنڈیشن (PHAF) کے کوئٹہ کچلاک روڈ پروجیکٹ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران دونوں معززین کومذکورہ مقام پر اپارٹمنٹس کی تعمیر کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ مولانا عبدالواسع نے پراجیکٹ میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے پی ایچ اے کو ہدایت کی کہ اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ وفاقی وزیر نے کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے بلوچستان کے سرکاری ملازمین کو فائدہ پہنچے گا اور ایسے ملازمین کو اپنی چھت میسر ہو گی جن کے پاس اپنی رہائش نہیں ہے۔ وزیر ہاوسنگ نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان میں سرکاری ملازمین اور عام لوگوں کی سہولت کے لیے مزید سود مند ہاوسنگ منصوبے شروع کیے جائیں گے۔وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے وفاقی سیکرٹری افتخار علی سلوانی نے کہا کہ اس پراجیکٹ میں الاٹیوں کی دلچسپی قابل تعریف ہے جس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ صوبائی ملازمین کو اس طرح کے منصوبوں کی اشد ضرورت تھی۔ انہوں نے تمام الاٹیوں کو یقین دلایا کہ وزارت ان کے مفاد کا خیال رکھے گی اور کوئی تاخیری حربہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور پراجیکٹ کو مقررہ وقت پر پورا کیا جائے گا۔ پی ایچ اے ایف کوئٹہ کچلاک روڈ پراجیکٹ میں چار مختلف کیٹیگریز کے 714 گرے اسٹرکچر کے گھر اور 2 اور 3 بیڈ کے اپارٹمنٹس پر مشتمل 636 اپارٹمنٹس فراہم کیے جائیں گے۔ پی ایچ اے ایف کی جانب سے کل 1350 یونٹ تعمیر کییجائیں گے۔ ہزارہ برادری کے شہدا کو بھی خصوصی کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے۔ دیگر الاٹیوں میں وفاقی اور صوبائی ملازمین، عام افراد اور وزارت ہاوسنگ کے ملازمین شامل ہیں۔
مولانا عبدالواسع
وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس کا کوئٹہ کچلاک روڈ پروجیکٹ کا دورہ
Aug 12, 2022