لاہور(نیوز رپورٹر)وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور عملے پر تشدد کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو حفاظتی انتظامات بہتر کرنے کے احکامات جاری کر دئیے۔ ہر ہسپتال میں طبی عملے اور سکیورٹی گارڈز پر مشتمل کوئیک ریسپانس فورس قائم کی جائے جو لڑائی جھگڑے یا تشدد کے کسی بھی واقعے پر فوری طور پر حرکت میں آئے۔ سرکاری ہسپتالوں میں نمایاں طور بینر آویزاں کئے جائیں کہ سرکاری ملازم کو کسی قسم کی دھمکی دینے یا نقصان پہنچانے والے کو 2 سال تک قید یا جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں۔ سکیورٹی ایجنسیوں سے طے شدہ معاہدے کے مطابق عملہ اور سیکورٹی آلات حاصل کئے جائیں۔ تمام میڈیکل سپرنٹنڈنٹس ڈیوٹی روسٹر کے مطابق سکیورٹی عملے کی حاضری اور موجودگی یقینی بنائیں۔ ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں مختلف مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمرے ہر وقت فعال رکھے جائیں۔ مریضوں یا لواحقین کی طرف سے ہسپتال انتظامیہ سے ایمرجنسی طور پر رابطہ کرنے کیلئے مجاز افسران کے موبائل فون نمبر نمایاں جگہوں پر آویزاں کئے جائیں۔ ایمرجنسی صورتحال میں رابطے کیلئے ایڈیشنل یا ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور بنیادی مرکز صحت یا رورل ہیلتھ سنٹر کے انچارج کا نمبر دیا جائے۔
ڈاکٹر جمال ناصر کا سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں ، عملے پر تشدد واقعات کا نوٹس
Aug 12, 2023