لاہور( خصوصی نامہ نگار) سیکرٹری وچیف ایڈ منسٹریٹراوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے داتا دربار میں کانفرنس بعنوان” استحکام وطن اور اس کے تقاضے“ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ استحکام وطن کیلئے محراب و منبر مستعد اور دفاع پاکستان کے تقاضوں سے عہدہ برا ہونے کیلئے پر عزم ہیں۔ خطہ پاک، صوفیاءکی دعاو¿ں کا ثمر ہے۔محراب ومنبر ملکی استحکام کا ضامن ہے۔علم اور دینی قوتیں، قومی یکجہتی اور اتحادواتفاق کے فروغ میں اساسی اور کلیدی کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ”پیغام پاکستان“ روادارانہ فلاحی معاشرے کی تشکیل کی بنیاد ہے۔ پاکستان امن وسلامتی کا مرکز اور ہمسایوں کو بھی امن وسلامتی کی تلقین کرتا ہے۔ آج پاکستان کو ایک دفعہ پھر لسانی اور علاقائی مسائل میں الجھایا جارہا ہے،جبکہ دفاعِ وطن کی ذمہ داری پوری کرنے والے ادارے ہر سطح پر مستعد اور بیدار ہیں۔داتا دربار میں یوم آزادی کے حوالے سے منعقدہ عظیم الشان کانفرنس، جس میں خطیب داتا در بار مفتی محمد رمضان سیالوی سمیت وطن عزیز کی معتبر شخصیات نے شرکت کی، نے کہا کہ دفاعِ وطن کیلئے پوری قوم متحد ہے۔ ملکی استحکام اور قومی یکجہتی ہماری اوّلین ترجیح ہے، پوری قوم ملکی دفاع کیلئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ اس موقع پر زونل ایڈ منسٹریٹر اوقاف داتا دربار شاہد حمید ورک، منیجر اوقاف داتا دربار شیخ جمیل احمد سمیت علمی،دینی اورروحانی حلقوں کی ممتاز شخصیات بھی موجود تھیں۔
محراب ومنبر ملکی استحکام کا ضامن ،دفاع پاکستان کیلئے پر عزم ہیں:طاہر رضا بخاری
Aug 12, 2023