لاہور (خصوصی نامہ نگار ) انجمن اہلحدیث لاہور کے صدر ، ممتاز دینی سکالر ، درجنوں دینی کتابوں کے مصنف اور جامع مسجد محمدی سنت نگر فردوس پارک کے سرپرست اعلیٰ مولانا فضل الرحمن بن محمد نے کہا ہے کہ پاکستان داخلی اور خارجی طور پر مسائل اور مشکلات کے باوجود عالم اسلام کیلئے ایک نعمت کی حیثیت رکھتا ہے جو اسلام اور کلمہ توحید کے نام پر معرض وجود میں آیاتھا اور اس کے قیام کیلئے 30لاکھ شہدا کا خون اس کی بنیادوں میں شامل ہے۔ آج ہمارے اندر قوم پرستی اور قومی وحدت کے جذبے کا فقدان ہے۔ جس سے ہم ترقی نہیں کر پا رہے۔ وطن دشمن قوتوں نے پاکستان کو ناکام ریاست بنانے کیلئے سازشوں کے جال بن رکھے ہیں۔ اس میں ہمارے حکمرانوں کی کم عقلی مفاد پرستی اور نااہلی بھی شامل ہے۔ عالم اسلام کی توجہ کا مرکز بننے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب ہم متحد ، یک جان ، ایک آواز بنیں گے۔ تمام اختلافات اور لڑائیاں فی الحال ترک کرنی پڑیں گی۔