اسلام آباد (نامہ نگار)پاکستان کے ساتویں وزیراعظم ملک فیروز خان نون کے پوتے اور سابق رکن قومی اسمبلی ملک عدنان حیات نون نے کہا ہے کہ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا نام ملک فیروز خان نون کے ساتھ منسوب کرنےکی قومی اسمبلی میں قرارداد منظور ہونے پر سابق ارکان پارلیمنٹ ،سابق حکومت پاکستان اور ریاست پاکستان کے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شگر گزار ہیں۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک عدنان حیات نون کا کہنا تھا کہ ملک فیروز خان نون نے سلطنت عمان سے گوادر خرید کر پاکستان کی آئندہ نسلوں کو محفوظ کرلیا۔ بطور وزیراعظم یہ ان کی حکومت کا پاکستان اور ریاست پاکستان کیلئے انتہائی اہم تحفہ ہے۔ انہوں نے پاکستان کیلئے بھرپور کردار ادا کیا۔ ملک فیروز خان نون نے اپنے مختصر عہد اقتدار میں پاکستان کیلئے تاریخ ساز خدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے نہ صرف سلطنت عمان سے گوادر خریدا بلکہ قیام پاکستان سے پہلے قائد اعظم محمد علی جناح کے ساتھ ان کی خط و کتابت بھی رہی۔ انہوں نے بڑی بہادری سے کشمیریوں کا مقدمہ لڑا اور کشمیریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کیا۔ملک فیروز خان نون اور بیگم وقار النساءنون نے اپنے عہد اقتدار میں نہ صرف سیاست بلکہ دیگر مختلف شعبوں میں بھی بھرپور کردار ادا کیا۔چاہے وہ رفاعی شعبے ہوں یاتعلیم کا شعبہ ہو ، بھلے دیگر معاملات ہوں انہوں نے اپنا ہر طرح اپنابھرپور کردار ادا کیا۔
ملک فیروز نون نے عمان سے گوادر خرید کرملکی نسلوں کو محفوظ کرلیا: عدنان حیات نون
Aug 12, 2023