اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اقلیتوں کا قومی دن منانے کی تقریب منعقد ہوئی۔ سابق وزیرمملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز مہیش کمار ملانی مہمان خصوصی تھے جبکہ خیبر پختونخواہ سے سابق ممبر صوبائی اسمبلی سردار رنجیت سنگھ بھی تقریب میں موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی مہش کمار ملانی نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو ہر طرح کا تحفظ اور حقوق حاصل ہیں جس وجہ سے ان میں کسی قسم کا عدم تحفظ کا احساس نہیں پایا جاتا۔ قائد اعظم نے 11اگست 1947کو اپنی تقریر میں کہا تھا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو برابری کے حقوق حاصل ہوں گے اور ان کو اپنی عبادت گاہوں میں جانے کی پوری آزادی حاصل ہو گی۔پاکستان میں مندر، گرجے اور گردوارے محفوظ ہیں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اقلیتوں نے تحریک پاکستان میں فعال کردار ادا کیا تھا جبکہ جنگوں کے موقع پر بھی انہوں نے دفاع پاکستان کیلئے بھرپور حصہ لیا تھا جو ان کی پاکستان سے گہری محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اقلیتیں پاکستان کی معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری اور نجی محکموں میں اقلیتوں کیلئے 5فیصد جاب کوٹہ مزید بڑھایا جائے۔سابق پارلیمانی سیکرٹری اور خیبرپختونخواہ کی صوبائی اسمبلی کے سابق رکن سردار رنجیت سنگھ نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو جو آزادی اور سہولیات حاصل ہیں وہ پڑوسی ملک کے منہ پرطمانچہ ہیں۔ آج پاکستان میں جس طرح اقلیتوں کو تحفظ حاصل ہے اس سے قائداعظم کی روح کو تسکین پہنچ رہی ہو گی۔