لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس میں یوم آزادی کی تقریبات منانے کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ محسن نقوی کی ہدایت پر یوم آزادی شایان شان اور قومی جذبے سے منایا جائے گا۔ پنجاب بھر میں جشن آزادی کی شاندار تقریبات کو حتمی شکل دی گئی۔ 13 اگست کی رات 12 بجے آتشبازی کی جائے گی۔ 14 اگست کی صبح بیک وقت پورے پنجاب کے تمام ڈویژنل و ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز میں پرچم کشائی کی تقریبات ہوں گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ہمارے اسلاف کی بے پناہ قربانیوں کا ثمر ہے۔ آزادی کیلئے مسلمانوں نے آگ و خون کے دریا عبور کئے۔ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے مقامی ہوٹل میں پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیر اعلی نے پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات کو نقد انعامات، سر ٹیفکیٹس اور میڈلز دیئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ آج میں پاکستان کے روشن مستقبل کے ساتھ بیٹھا ہوں۔ یہ ہماری ذمہ داری بھی ہے اور فرض بھی کہ پوزیشن ہولڈرز طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کریں اور انشاء اللہ آئندہ بھی پوزیشن ہولڈرز کی بھرپور حوصلہ افزائی جاری رکھیں گے۔ ہم نہیں جانتے تھے کہ ہماری نگران حکومت کی مدت میں اضافہ ہو گا۔ محسن نقوی نے کہا کہ 4 ماہ قبل بتایا گیا کہ پاکستان 4 ارب ڈالر کی کپاس باہر سے منگوا رہا ہے ہم نے خلوص نیت سے کوشش کی اور پوری ٹیم نے محنت کی جس کی وجہ سے رواں برس تقریباً 48 لاکھ ایکڑ رقبے پر کپاس کاشت ہوئی اور اس سے اربوں روپے کے زرمبادلہ کی بچت ہوئی۔ صوبائی وزراء اور بیوروکریسی بہترین انداز میں عوام کی خدمت کر رہی ہے۔ ہسپتالوں کی حالت اتنی خراب ہو چکی ہے کہ مریض کے ساتھ ڈاکٹرز بھی پریشان ہیں۔ ان ہسپتالوں میں صرف وہ ہی جاتا ہے جو مجبور ہوتا ہے۔ اس ساری صورتحال کے ذمہ دار ہم ہیں کیونکہ ہم نے ہی عوام کو سہولتیں دینی ہیں۔ پاکستان کے غیر یقینی مستقبل کے بارے میں گھروں میں باتیں ہو رہی ہیں لیکن قرآن پاک میں ارشاد باری تعالی ہے کہ مایوسی گناہ ہے۔ ہمارا فرض ہے کہ ہم سب پاکستان کو بہتر بنانے کے کام میں اپنا حصہ ڈالیں، ایمانداری سے اپنے فرائض سرانجام دیں۔ ہم نے منفی نہیں بلکہ مثبت سوچنا ہے اور انشاء اللہ پاکستان بہت آگے نکل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کا یہ آئینی حق ہے کہ وہ اپنی سیاسی سوچ کے مطابق پاکستان میں رہے کسی پر اس حوالے سے کوئی قدغن نہیں، لیکن اداروں اور سرکاری ملازمین کو ٹارگٹ نہ کریں، ہر شہری کو اس بات کا خیال رکھنا چاہئے کیونکہ ایسی حرکت سے پاکستان کو نقصان پہنچتا ہے۔ اقلیتوں کے حقوق کے دن پر پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ تمام اقلیتی برادریوں کو ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کا کردار نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ پوزیشن ہولڈرز طلبہ کے اعزاز میں محسن نقوی نے اپنے خطاب میں ایک پوزیشن ہولڈر طالب علم کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ میں نے اس سے پوچھا کہ آپ کیا بننا چاہتے ہیں تو پوزیشن ہولڈر طالب علم نے بتایا کہ میں بڑا ہوکر آپ کی جگہ بیٹھنا چاہوں گا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے بچے کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ میری خواہش ہے کہ ان طلبہ میں سے کوئی ایک اس کرسی پر بیٹھے۔ وزیراعلی محسن نقوی نے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو سرکاری مہمان قرار دیا اور لاہور کی سیر کرنے کی دعوت دی۔ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب میں ڈینگی کے ممکنہ خدشے کے پیش نظر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ محسن نقوی نے لاہور، راولپنڈی اور ملتان سمیت تمام شہروں میں ڈینگی کے ممکنہ پھیلاؤ کے سدباب کیلئے پیشگی اقدامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ہر سطح پر ڈینگی کے سدباب کیلئے اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ محسن نقوی نے کہا ہے کہ لبرٹی چوک میں بلند ترین اور سب سے بڑا قومی پرچم نصب کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ قومی پرچم کی تنصیب میں حکومت کا ایک پیسہ بھی خرچ نہیں ہوگا۔ محسن نقوی نے کہا کہ بلند ترین قومی پرچم کی تنصیب کے منصوبے کی فنڈنگ نجی شعبہ کرے گا۔ نگران وزیر اعلیٰ نے آج گلزار قائد، ائر پورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی، راولپنڈی میں چند روز قبل کلینک میں ڈکیتی مزاحمت پر جاں بحق نوجوان احمد افسر کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے جاں بحق نوجوان احمد افسرکی بیوہ، چچا اور دیگر لواحقین سے افسوسناک واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
سیاسی سوچ ہر شہری کا حق ، اداروں ، سرکاری ملازمین کو ٹارگٹ نہ کریں ، محسن نقوی
Aug 12, 2023