مقبوضہ کشمیر نام نہاد بھارتی یوم آزادی پر تلاشی کارروائیاں جاری، سرینگر چھائونی میں تبدیل

Aug 12, 2023

 سری نگر(کے پی آئی)نام نہاد بھارتی یوم آزادی 15 اگست کے پیش نظر سری نگر اور جموں کو فوجی چھاونی میں تبدیل کردیا گیا ہے۔نام نہاد بھارتی یوم آزادی کے سلسلے میں حفاظتی اقدامات کے نام پر محاصرے اور تلاشی  کارروائی جاری ہے۔ ادھر۔شیر کشمیراسٹیڈیم سرینگر اور مولانا آزاد اسٹیڈیم جموں  میں 15 اگست کو نام نہاد بھارتی یوم آزادی کی تقریبات ہوں گی۔ شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ سرینگر میں فضائی نگرانی کیلئے ڈرون استعمال کیے جارہے ہیں جبکہ مقبوضہ کشمیر کی سابق حکمران جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی ( پی ڈی پی )نے کہا ہے کہ  آرٹیکل  370 اور 35 اے کی بحالی کے لئے کشمیریوں کو متحد ہو کر  لڑائی  لڑنا ہوگی۔، آرٹیکل 370 کی منسوخی اور سپریم کورٹ میں جاری کارروائی پر تبصرہ کرتے ہوئے پی ڈی پی کے جنرل سیکرٹری  ڈاکٹر محبوب بیگ نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو جو کچھ ہوا وہ نہ صرف غیر آئینی تھا بلکہ طریقہ کار بھی غلط تھا،ایسا کرنے کیلئے اپنایا گیا راستہ غیر قانونی تھا۔دوسری جانب لائن آف کنٹرول کے دونوں طرف جمعہ کو ممتاز کشمیری رہنما شہید عظیمت شیخ عبدالعزیز کی 15ویں برسی عقیدت واحترام سے منائی گئی۔ شہید عظیمت شیخ عبدالعزیز کی برسی کے سلسلے میں آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں خصوصی تقریبات ہوئیں جس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ   شہدائے کشمیر کا مشن جاری رہے گا۔

مزیدخبریں