لاہور (خبرنگار) سانحہ ماڈل ٹائون استغاثہ کیس میں عدالت نے غیرحاضر ملزمان پولیس افسران اور اہلکاروں کے ضمانی مچلکے منسوخ کر دیئے۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ میں نے بہت وقت دیا‘ ملزمان کومزید مہلت نہیں دی جا سکتی۔ ملزمان ضمانتوں پر ہیں اور سماعت پر عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ دوران سماعت متعدد ملزمان پولیس افسران اور اہلکار حاضری کیلئے عدالت میں پیش ہوئے جن میں ڈی ایس پی رضوان‘ بشیر نیازی‘ کاشف خلیل اور دیگر شامل تھے۔ عدالتی حکم پر ڈی آئی جی آپریشن علی ناصر رضوی بھی پیش ہوئے۔ بعدازاں عدالت نے غیر حاضر ملزمان پولیس افسران اور اہلکاروں کے ضمانتی مچلکے منسوخ کر دیئے اور وکلاء کو دلائل کیلئے طلب کرتے ہوئے 18 اگست تک سماعت ملتوی کردی۔