میو ہسپتال بچہ وارڈ میں شارٹ سرکٹ سے آگ‘ انتظامیہ کی دوڑیں

 لاہور(نامہ نگار) میو ہسپتال کے بچہ وارڈ میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی۔ آتشزدگی کے باعث وارڈ میں دھواں بھر گیا جبکہ کمسن مریضوں کو دوسری جگہ منتقل کرنے کے لئے انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں۔ میو ہسپتال کے بچہ وارڈ یونٹ 2میں شارٹ سرکٹ سے تاروں میں آگ بھڑک اٹھی۔ وارڈ اور راہداریوں میں دھواں بھر گیا اور وہاں افراتفری پھیل گئی۔ انتظامیہ نے ہسپتال کی دیگر وارڈز میں ڈیوٹی پر مامور عملہ کو بھی مریض بچوں کو دوسری جگہ منتقل کرنے کے لئے طلب کر لیا اور لواحقین اور عملے نے اپنی مدد آپ کے تحت کچھ ہی دیر میں کمسن مریضوں کو محفوظ وارڈز میں منتقل کر دیا۔اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا یا ۔ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے آگ لگنے کے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ واضح رہے میو ہسپتال میں چند روز کے دوران آتشزدگی کا دوسرا واقعہ ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن