وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدا لقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ معاشی چیلنجز کے باوجود ہم نے بلوچستان کے کونے کونے میں ترقی کو یقینی بنایا، ایک ساتھ مل کر حقیقی جمہوری جذبے کی مثال دیتے ہوئے چیلنجز کا سامنا کیا، سیلاب اور حکمرانی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے باوجود ہم مضبوط کھڑے رہے۔انہوں نے کہا کہ تمام ایم پی اے، اتحادی پارٹنرز، اپوزیشن اراکین بیوروکریسی کا ان کی غیر متزلزل لگن پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔وزیراعلی ٰکا کہنا تھا کہ پی ایس ڈی پی میں ہر حلقے کو مساوی نمائندگی ملی، یہ اقدام اتحاد اور ترقی کے لیے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے، دو سال سے بھی کم عرصے میں ہم نے صنفی مساوات کے فروغ کو یقینی بنایا ،صوبے کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا ۔انہوں ے کہا کہ صحت کی دیکھ بھال، تعلیم کی سہولیات کو یقینی بنانے اور صوبے میں گڈ گورننس لانے کی ہر ممکن کوشش کی، ہم نے صوبے کی معدنی دولت کو بروئے کار لا کر صوبے کی معیشت کو بہتر بنانے کی راہ ہموار کی ۔انکا مزید کہنا تھا کہ تاریخی ریکوڈک سیٹلمنٹ سے بین الاقوامی سرمایہ کیلئے راہ ہموار کی،صاف و شفاف اور پر امن بلدیاتی انتخابات کا کریڈٹ بھی ہماری حکومت کا ہے،ہیلتھ کارڈ، پہلی پبلک ٹرانسپورٹ سروس، صوبے میں کھیلوں کی بحالی کی ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارا سفر مشکل تھا، لیکن ہمارا عزم مضبوط تھا، جب ہم اس باب کو الوداع کر رہے ہیں تو آئیے امید کے ساتھ آ گے کی طرف دیکھتے ہیں ،ہماری اجتماعی کوششوں نے ایک روشن بلوچستان کی راہ ہموار کی ہے، ہم نے مل کر تاریخ لکھی ہے، اور مل کر ہم ایک خوشحال مستقبل کی تعمیر جاری رکھیں گے