زخمی لیفٹیننٹ عزیر محمود شہید، پشاور گیریژن میں نماز جنازہ، اٹک میں تدفین

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار خصوصی) پاک فوج کے لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک کمبائنڈ ملٹری ہسپتال پشاور میں شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 9 اگست کو ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں تین مختلف مقامات پر سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ باغ کے ایک مقام پر لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک نے اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے مقابلہ کیا اور چار خوارج کو ہلاک کیا۔ تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران وہ شدید زخمی ہوگئے تھے۔ 24 سالہ لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک ڈسٹرکٹ اٹک کے رہائشی تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر افسران اور جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہید لیفٹیننٹ عزیر محمود کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کی گئی۔ نماز جنارہ میں کور کمانڈر پشاور، لواحقین، عسکری و سول حکام نے شرکت کی۔ شہید کو آبائی علاقے اٹک میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز پر حملے میں زخمی ہونے والے  لیفٹیننٹ  عزیر محمود ملک کو شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے شہید کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی بھی دعا کی۔ دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وادی تیراہ میں خوارج کے ساتھ جھڑپ میں شہید لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ای پیپر دی نیشن