اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستانی نوجوان ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں کیونکہ وہ مستقبل کے خواب دیکھنے والے لیڈر ہیں، ہمارا فرض ہے کہ ہم انہیں اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور ایک خوشحال، پرامن اور ترقی پسند پاکستان کی تعمیر کیلئے مواقع اور وسائل فراہم کریں۔ وزیراعظم کا یوتھ پروگرام نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے عزم کا ثبوت ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے نوجوانوں کے عالمی دن 12 اگست2024 ء کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری نے کہا کہ میں نوجوانوں کے عالمی دن پر پاکستان کے متحرک نوجوانوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ نوجوان ہمارے مستقبل کی ضمانت ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ یوتھ لیپ ٹاپ سکیم جیسے اقدامات کے ذریعے ملک بھر میں6 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ امر یقینی بنا رہے ہیں کہ ہمارے طلبہ ڈیجیٹل دنیا میں کامیابی کیلئے لیس ہوں۔