پنجاب اسمبلی : اقلیتوں کو خراج تحسین غزہ پراسرائیلی حملوں کی مذمتی قراردیں منظور 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب اسمبلی نے اقلیتوں کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس 2 گھنٹے 43 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔ اجلاس کی صدارت سپیکر ملک محمد احمد خان نے کی۔ پاکستان کی تاریخ کا پہلا خصوصی اجلاس ہے جو اقلیتوں کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں غیر ملکی سفیروں اور وفود نے بھی شرکت کی۔ اپوزیشن اراکین اسمبلی نعرے لگاتے ہوئے ایوان میں داخل ہوئے۔ اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے ایوان میں آنے والے سفیروں اور غیر ملکی وفود کو خوش آمدید کہا۔ اجلاس میں سپیکر نے خصوصی اقلیتی ممبران پر مشتمل پینل آف چیئرمین کے ناموں کا اعلان کیا۔ پینل آف چیئرمین میں اقلیتی ارکان سونیا عاشر، فلبوس کرسٹوفر، عمایول اطہر اور اعجاز مسیح کے نام شامل ہیں۔ اقلیتی رکن شکیلہ جاوید نے اقلیتوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے قرارداد پیش کی۔ پنجاب اسمبلی نے قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ اپوزیشن رکن ملک احمد خان بھچر نے غزہ پر اسرائیلی حملوں اور اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر مذمتی قرارداد پیش کی۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ فلسطین میں اسرائیلی حملے روکے جائیں اور زخمی و بیمار فلسطینیوں تک امداد پہنچانے کی اجازت دی جائے۔ دنیا انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ سلامتی کونسل فلسطین میں امن قائم کرنے کیلئے کردار ادا کرے۔ پنجاب اسمبلی اجلاس کے دوران مسودہ قانون انفورسمنٹ اینڈ ریگولیشن پنجاب 2024ء بل ایوان میں پیش کردیا گیا۔ بل وزیر پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمان نے پیش کیا۔ دوران اجلاس حکومتی رکن امجد علی جاوید نے ایوان میں پیش کئے جانے والے مسودہ کو انگریزی کے بجائے اردو میں بھی پیش کرنے کی استدعا کر دی۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے رولنگ دی کہ آئندہ جب بھی پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہو تو انگریزی کے ساتھ ساتھ اردو میں بھی مسودہ پیش کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن