لاہور( نوائے وقت رپورٹ) ’اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں‘‘۔ وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے منیارٹی ڈے کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ منیارٹی سے تعلق رکھنے والے پنجاب کے ہربھائی او ربہن کو سلام پیش کرتی ہوں۔ قائد اعظم نے ہر شہری کو اپنی عبادت گاہ میں جانے کے لئے آزاد قرار دیاتھا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ مساوت، رواداری اور برداشت جمہوریت کی بہترین تعریف ہے۔ پاکستان میں مذہب، ذات اور مسلک سے بالاتر ہر شہری برا بر ہے۔ سب ایک ہی گلدستے کے خوش رنگ اور خوش نما پھول ہیں۔ پاکستان سب کا ہے اور سب کے لئے جنت ارضی کے مترادف ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ قائداعظم کے ویڑن کے مطابق پنجاب میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔ ایسٹر پر مریم آباد کے چرچ میں مسیحی برادری سے مل کر ایسٹر کا تہوار منایا گیا ۔ وساکھی پر کرتاپور جا کر گندم کاٹی اور سنگت کا لنگر کھایا۔ پنجاب کو دنیا بھر میں سکھ آنند کارج میرج ایکٹ نافذ کرنے والا پہلا صوبہ ہونے کااعزاز ہے۔ ہندو میرج ایکٹ اور کرسچن پرسنل لاز پر کام جاری ہے جس کو جلد اسمبلی میں لائیں گے۔پہلی مرتبہ مینارٹیز گرانٹ کے لئے پنجاب میں 3ارب 66کروڑ روپے کا ریکارڈ بجٹ مختص کیا گیا-محکمہ اقلیتی امور کا ترقیاتی بجٹ 4000ملین اور اقلیتی ترقیاتی فنڈ 2500ملین مقرر کیا گیا ہے۔ اقلیتی برادری کے 1100 طلبہ کو 30 ملین کے سکالرشپ دئیے گئے ہیں۔ اقلیتی نوجوانوں کے لئے سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں خصوصی کوٹہ یقینی بنا جارہاہے۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے نہم کے رزلٹ میں پنجاب بھر میں سب سے زیادہ نمبر لینے والی ملتان کی ہونہار طالبہ فاطمہ سعید کو مبارکباددی ہے، فاطمہ سعید کی محنت کو سراہا اورنیک خواہشات کااظہارکیا ہے۔ علاوہ ازیںوزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے مطابق پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ منفرد یوم آزادی منایا جارہاہے صوبہ بھر میں ’’پلانٹ اے ٹری فار پاکستان‘‘ کے تحت شجرکاری کی جائے گی۔ آزادی فلوٹ پر چاروں صوبوں کی ثقافتی نمائندگی، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کا ماڈل دکھایا گیا ہے۔ تمام اضلاع کے درمیان پلانٹیشن میراتھن مقابلے ہوں گے۔مینار پاکستان پر ادبی مشاعرہ اور میوزیکل کنسرٹ بھی ہوگا۔ محکمہ اطلاعات وثقافت کی طرف سے نیا ملی نغمہ بھی لانچ کی جائے گا۔مریم نواز سب سے زیادہ پلانٹیشن کرنے والے ڈسٹرکٹ کو انعام سے نوازیں گی۔یوم آزادی کی مناسبت سے کرکٹ، ہاکی، فٹبال، والی بال اور کبڈی وغیرہ کے مقابلے ہوں گے۔سرکاری عمارتو ں پر سفید اور گرین لائٹس سے چراغاں کیاجائے گا۔