پنجاب کی سب سے بڑی آزادی میراتھن‘فیملی فن ریس

Aug 12, 2024

لاہور( سپورٹس رپورٹر)سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیر اہتمام پنجاب کی سب سے بڑی آزادی میراتھن اور فیملی فن ریس کا انعقاد  لبرٹی چوک لاہور میں کیا گیا ۔امریکی قونصلیٹ جنرل لاہور کرسٹن کے ہاکنز نے 12کلومیٹر میراتھن میں حصہ لیا ، 12کلومیٹرمردوں کی میراتھن محمد ریاض نے جیت لی جبکہ حاجی اختر دوسرے اورعلی جبار تیسرے نمبر پر رہے ہیں۔12کلومیٹر گرلز میراتھن میں ساہیوال کی ارم شہزادی نے پہلی، فیصل آباد کی ایمان یٰسین نے دوسری اورگلگت کی خدیجہ عافیت نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔فیملی فن ریس میں لاہور کی کشف پہلے کراچی کی ممتاز نیامت دوسرے اور ڈی جی خان کی بشریٰ فرمان تیسرے نمبر پر رہی ہیں ۔ صوبائی وزیرکھیل پنجاب فیصل ایوب کھوکھر اور امریکی قونصلیٹ جنرل لاہور کرسٹن کے ہاکنز نے اختتامی تقریب میں کھلاڑیوں میں18لاکھ روپے سے زائد کے انعامات تقسیم کئے۔صوبائی وزیرکھیل پنجاب فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ میراتھن میں جیتنے والے کھلاڑیوں کی مزید تربیت کرکے انہیں قومی مقابلوں میں شامل کروایا جائیگا،پیرس اولمپکس میں ملک بھر سے 7 کھلاڑی شریک تھے اگلے اولمپکس میں 70کھلاڑی حصہ لیں گے اور 10میڈلز آئیں گے۔ کوشش ہے ارشد ندیم جیسے اور اتھلیٹس تیارکریں جو انٹرنیشنل سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر سکیں۔ پنجاب گیمز کروانے جارہے ہیں جس میں کروڑوں روپے کے انعامات ہوں گے۔ صوبائی وزیرکھیل پنجاب فیصل ایوب کھوکھر اور ڈی جی سپورٹس پنجاب پرویز اقبال نے امریکی قونصلیٹ جنرل کرسٹن کے ہاکنز کو سوینئرپیش کیا ۔ تاریخی میراتھن میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے اور میراتھن کے روٹ پر جگہ جگہ قومی پرچم بلند تھے۔ مردوں کی12کلو میٹرمیراتھن کے ونر کو 3لاکھ ، رنر اپ کو2لاکھ ، تیسری پوزیشن پر ایک لاکھ جبکہ 4سے10پوزیشن حاصل کرنیوالے اتھلیٹس کو50،50ہزار روپے کے انعامات دیئے گئے، خواتین کی 12کلو میٹرمیراتھن کے ونر کو ڈیڑھ لاکھ ، رنر اپ کوایک لاکھ اور تیسری پوزیشن پر50ہزار روپے کے انعامات دیئے گئے جبکہ 3کلومیٹرفیملی فن ریس کے ونر کوایک لاکھ ، رنر اپ کو75ہزار ، تیسری پوزیشن پر 50ہزار جبکہ 4سے10پوزیشن حاصل کرنیوالے اتھلیٹس کو25،25ہزار روپے کے انعامات دیئے گئے۔12کلومیٹر میراتھن میں 10سالہ ننھے عمار شہزاد اور 12سالہ سلمون جاوید کو ریس مکمل کرنے پر50،50ہزار روپے کے انعامات دینے کا اعلان کیا۔

مزیدخبریں