ارشد ندیم کی طرح قوم کو خوشیاں دینے کی کوشش کرینگے ۔ شان مسعود

Aug 12, 2024

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں فیلڈنگ سیشن میں شرکت کی۔ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کپتان شان مسعود، بابراعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد، عبداللہ شفیق، سلمان علی آغا، خرم شہزاد، عامر جمال نے کوچز کی زیر نگرانی دو گھنٹے ٹریننگ میں حصہ لیا۔بنگلہ دیش اے ٹیم نے بھی اسلام آباد کلب میں پہلے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا، بارش کے باعث کھلاڑیوں نے صرف فٹنس ٹریننگ میں حصہ لیا۔قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ ارشد ندیم کی طرح قوم کو خوشیاں دینے کی کوشش کریں گے۔بنگلہ دیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے بھرپور تیاری کر رہے ہیں، ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 9 میچز میں سے زیادہ میچز جیتنے ہوں گے۔ارشد ندیم قومی ہیرو ہیں،ٹیم مینجمنٹ میں کافی تبدیلیاں ہوئیں، موجودہ سیٹ اپ میں میچ فکسنگ سے متعلق کسی پر انگلی نہیں اٹھائی جا سکتی۔

 آسٹریلیا سے سیریز اچھی کھیلی لیکن جیت نہ سکے۔ٹیسٹ کرکٹ سب سے زیادہ چیلنجنگ ہوتی ہے، مختلف ڈریسنگ رومز میں وقت گزارا جس میں غیرملکی کوچز بھی تھے، کھلاڑیوں کو لیگ اور فرنچائز کرکٹ کھیلنے کا تجربہ ہے، بنگلہ دیش کو ہلکی ٹیم تصور نہیں کریں گے، ان کا تجربہ کار سکواڈ ہے۔ پاکستان اپنے سٹائل کیساتھ ٹیسٹ کرکٹ کھیلے گا،ایسی کرکٹ کھیلیں گے جس سے پاکستانی شائقین خوش ہو جائیں۔پاکستان شاہینز نے اسلام آباد کلب میں ٹیم بانڈنگ سیشن کیا ،پاکستان شاہینز ریڈ بال سکواڈ نے ٹیم ٹرینز کیساتھ فٹنس ڈرلز میں بھی حصہ لیا ۔

مزیدخبریں