مبینہ پولیس مقابلے‘ ایک ڈاکو سندر‘ ایک شاہکوٹ میں ہلاک

لاہور + ننکانہ + سانگلہ ہل (نامہ نگار + نمائندہ نوائے وقت) مبینہ پولیس مقابلوں میں دو ڈاکو ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے سندر کے علاقے میں پولیس نے تین موٹر سائیکل سواروں کو مشکوک جان کر روکا جبکہ انہوں نے رکنے کی بجائے فائرنگ کرنا شروع کر دی۔ پولیس نے جوابی فائرنگ کی۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ کی زد میں آکر ان کا اپنا ہی ایک ساتھی ہلاک گیا۔ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت تیمور عرف تیموری کے نام سے ہوئی۔ ہلاک ہونے والا ڈاکو تیموری ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں اشتہاری ملزم تھا۔ بادامی باغ پولیس نے ناکے پر موٹر سوار دو مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا۔ ملزموں نے فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ کی گئی۔ ایک ملزم اپنے ساتھی کی فائرنگ سے ہی زخمی ہوگیا۔ جسے زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔  ڈاکو وارث علی کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دریں اثنائتھانہ سٹی شاہکوٹ کے ایریا90 چٹی روڈ پر تین موٹر سائیکل سوار ڈاکو لوٹ مار کے بعد باقر کوٹ کی جانب فرار ہو رہے تھے۔ پولیس نے تعاقب کیا تو ملزموں نے فائرنگ کر دی‘ پولیس فورس نے بھی جوابی فائرنگ کی۔ ڈاکوؤںکا فائر اپنے ساتھی کوجا لگا جس کے نتیجہ میںایک ڈاکو ہلاک ہو گیا۔ ڈاکو کی شناخت امجد منشاء ساکن بورالہ کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق ملزم 42 مقدمات میں مطلوب تھا، دوسری جانب گزشتہ شب شاہ کوٹ پولیس کے ساتھ مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے امجد منشاء کے ورثا کی جانب سے احتجاجا ننکانہ روڈ بلاک کرتے ہوئے نعش ننکانہ روڈ کے وسط میں رکھ کر شدید احتجاج کیا گیا۔ خواتین سمیت سینکڑوں افراد جمع ہوگئے‘ لواحقین نے پولیس پر الزام لگایاکہ بے گناہ مارا گیا، ہمارا نوجوان نشے کا عادی تھا مگر مجرم نہیں، مقدمات پولیس مقابلے کی طرح جعلی ہیں، چھ ماہ میں ہمارے گاؤں کا تیسرا بندہ مارا گیا ہے۔ ہمارے مقتول نوجوان کا ڈاکٹری ملاحظہ کروایا جائے اور ہمیں انصاف فراہم کیا جائے اور ذمہ داروںکو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ ورثاء نے کہا تھاکہ احتجاج ختم نہیں کریں گے جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے۔

ای پیپر دی نیشن