لاہور آمد پر استقبال: امام مسجد نبویؐ  کی جامعہ اشرفیہ کے وفد‘ فیصل کنڈی سے ملاقات

Aug 12, 2024

لاہور‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی)  سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی کی طرف سے اسلام آباد اپنی رہائش گاہ پر امام مسجد نبوی شریف فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر حفظہ اللہ کے اعزاز میں " ضیافت و عشائیہ " کے موقع پر جامعہ اشرفیہ لاہور کے ناظم شعبہ نشر واشاعت اور ڈائریکٹر امور خارجہ و تعلقات عامہ مولانا حافظ اسعد عبید اور جامعہ اشرفیہ لاہور کے نائب مہتمم و استاذ الحدیث مولانا حافظ زبیر حسن نے ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کرتے ہوئے امام مسجد نبوی شریف نے کہا پاکستان میرا دوسرا گھر‘ جامعہ اشرفیہ لاہور کی علمی و دینی خدمات اور اس کا فیضان حرمین شریفین سمیت پوری دنیا میں جاری ہے۔ مولانا حافظ اسعد عبید نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھا اور ہر مشکل وقت میں اس کا ساتھ دیا ہے جس پر ہم سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں۔ مولانا زبیر حسن نے کہا کہ امام مسجد نبوی شریف کی جامعہ اشرفیہ لاہور میں آمد ہمارے لیے باعث فخر واعزاز ہے۔ دریں اثناء الشیخ صلاح بن محمد البدیر حفظہ اللہ کل 13 اگست بروز منگل جامعہ اشرفیہ لاہور میںنماز  عشاء  پڑھائیں گے اور اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خصوصی دعا بھی کرائیں گے۔ گورنر خیبر پی کے فیصل کریم کنڈی نے مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے خطیب وامام ڈاکٹر صلاح محمد البدیر سے خصوصی ملاقات کی۔ انہوں نے معزز مہمان کو سرزمین پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا خادم حرمین شریفین اور ولی عہد جس انداز سے مملکت کو ترقی کی جانب لے جارہے ہیں وہ دیگر اسلامی ممالک کے لیئے مشعل راہ ہے۔ پاکستان میں امن، استحکام اور بین المذاہب و مسالک ہم آہنگی انتہائی ضروری ہے۔ ڈاکٹر صلاح محمد البدیر نے کہا اسلام امن کا دین ہے۔ سعودی عرب بدامنی اور خارجیت کو اسلامی تشخص کے خلاف تصور کرتا ہے۔ قبل ازیں لاہور آمد پر ڈاکٹر صلاح محمد البدیر کا استقبال سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان اور وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کیا۔

مزیدخبریں