اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزارت داخلہ آمد پر ترکیہ کے سفیر کا خیر مقدم کیا۔ ملاقات میں پاکستان ترکیہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور پاکستان اور ترکیہ کے مابین سکیورٹی، پولیس اور سول آرمڈ فورسز کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ 14 اگست سے ترکیہ کے شہریوں کو بغیر کسی فیس کے آن لائن ویزا کی سہولت میسر ہو گی۔ ترکیہ حکومت کی دعوت پر اکتوبر میں دورہ کروں گا، پاکستانی ترکیہ کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں، ترکیہ کے ساتھ دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تجارتی روابط ہیں، جن کو مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا اور ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ رفعت مختار راجہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ترک سفیر کی وزیر داخلہ سے ملاقات‘ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
Aug 12, 2024