کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم اور بانی عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جس ملک میں الیکشن چوری ہو وہاں سیاسی استحکام نہیں آ سکتا۔ شاہد خاقان عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ناکام ہوچکی ہے، جس ملک میں انصاف نہیں ہوگا وہاں کچھ نہیں ہوسکتا، آج ہم نے عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہوا ہے، آئی پی پیز نہیں اصل مسئلہ معیشت کی کمزوری ہے، ڈالر 100 سے بڑھ کر 300 روپے تک چلا گیا ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج سے چار ہفتے پہلے عوام پاکستان پارٹی کو اسلام آباد میں لانچ کیا، اس وقت ہم نے کہا تھا ہم اپنا منشور نہیں رکھیں گے، ہم نے پاکستان کے واضح مسائل کے حوالے سے ویژن ڈاکومنٹ بنایا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اپنی ویژن دستاویزات میں عوامی مسائل اور اس کے حل بھی رکھے ہیں،اگر ہم نے اپنے مسائل کا حل ڈھونڈنا ہے تو آئین میں دیکھنا ہوگا، وہ ملک ترقی نہیں کرسکتا جو آئین کے مطابق نہیں چلتا، حلف بھی آئین کا حصہ ہے، آج ہر ایک اہلکار، جج، حکمران، فوجی آئین توڑتا ہے۔ آئین کو توڑ کر الیکشن چوری کئے جاتے ہیں، آگے بڑھنے کا واحد ایک راستہ ہے آئین کا احترام کریں، حکمرانوں کو اقتدار کی فکر جبکہ عوام پریشان ہیں۔ لیڈرشپ وہ ہوتی ہے جو مسائل کا حل نکالے، ملک کے اندر آنے والے دنوں میں پانی کا بڑا مسئلہ ہوگا، ہمیں مسائل کا حل تلاش کرنا ہوگا،۔ ملک میں ٹروتھ کمیشن بننا چاہئے، 77سالوں میں بڑے قوانین بنائے لیکن کسی کا احتساب نہیں ہوا، اگر ڈالر 100 روپے کا ہوگا تو بجلی کی قیمت بھی نیچے آجائے گی، بجلی کے بلوں سے ٹیکس نکال دیں تو بجلی کا یونٹ 8 روپے تک آجائے گا۔