فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) تھانہ صدر کے علاقہ خانوآنہ سے تاوان کیلئے اغواء کئے جانے والے پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی کے کزن ونمبردار کو قتل کر کے نعش کھیتوں میں پھینک دی گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق 5اگست کو نامعلوم ملزموں نے 239 رب خانوآنہ کے رہائشی نمبردار گل عباس کو اغواء کر لیا اور مغوی تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی رائے احسن نواز کھرل کا کزن ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اغواء کاروں نے مغوی کے فون سے اس کے اہل خانہ کو کال کر کے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔ تاوان کے لیے حامی نہ بھرنے پر اہل خانہ کو اسکی اراضی فروخت کر کے تاوان ادا کرنے کا کہتے رہے اور تاوان سے انکار کرنے پر ملزموں نے مغوی نمبردار گل عباس کو قتل کر کے نعش کھیتوں میں پھینک دی۔ نعش ملنے پر علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا اور علاقہ کی فضاء سوگوار ہو گئی۔ پولیس نے اطلاع ملتے ہی نعش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ بعض افراد کو حراست میں لیکر بازپرس شروع کردی ہے۔
فیصل آباد میں پی ٹی آئی ایم پی اے کا کزن تاوان نہ ملنے پر قتل
Aug 12, 2024